راہل وکٹ کیپنگ کریں گے تو ہندوستان کی بلے بازی مضبوط ہوگی: شاستری

نئی دہلی، مارچ۔ سابق ہندوستانی کرکٹر اور کوچ روی شاستری کا خیال ہے کہ اگر مڈل آرڈر بلے باز لوکیش راہل وکٹ کیپر کا کردار ادا کرتے ہیں تو ہندوستان، آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریزکے ساتھ ساتھ جون میں منعقد ہونے والی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل میں اپنی بلےبازی کو مضبوط کرسکتا ہے۔آؤٹ آف فارم راہل کو ہندوستان کی ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا لیکن جمعہ کو انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میں میچ جیتنے والی 75 رنز کی اننگز کھیلی۔ ایشان کشن بھی ہندوستان کے لیے کھیل رہے تھے لیکن راہل نے وکٹ کیپر کا کردار ادا کیا اور دو زبردست کیچ بھی لیے۔ شاستری کا کہنا ہے کہ راہل کی اننگز ڈبلیو ٹی سی فائنل سے قبل سلیکٹرز کی توجہ اپنی طرف مبذول کرے گی، جبکہ ٹیسٹ وکٹ کیپر بلے باز کے ایس بھرت بھی حال ہی میں ختم ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں زیادہ متاثر نہیں کر پائے ہیں۔شاستری نے اسٹار اسپورٹس پر کہا، کے ایل راہل نے ڈبلیو ٹی سی فائنل سے پہلے سلیکٹرز کی دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے واقعی اچھا کام کیا ہے۔ پہلے ون ڈے سیریز میں (آسٹریلیا کے خلاف) جب روہت شرما واپس آتے ہیں، اور دوسرا ڈبلیو ٹی سی فائنل میں، اگر راہل وکٹ کیپنگ کر سکتے ہیں تو ہندوستان اپنی بلے بازی کو مضبوط کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا، راہل مڈل آرڈر میں پانچ یا چھ نمبر پر بلے بازی کر سکتے ہیں۔ انگلینڈ میں عام طور پر آپ کو بہت پیچھے سے وکٹ کیپنگ کرنی پڑتی ہے۔ آپ کو اسپنرز کے لیے مختصر وقت کے لیے آگے آنا پڑتا ہے۔ کے ایل کو آئی پی ایل سے پہلے دو اور ون ڈے کھیلنے ہیں۔ وہ ہندوستانی ٹیم میں اپنی جگہ مضبوط کر سکتے ہیں۔راہول کا انگلینڈ میں اچھا ریکارڈ ہے لیکن گزشتہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میں خراب کارکردگی کے بعد انہیں پلیئنگ الیون سے باہر کر دیا گیا تھا۔ راہل اب تک انگلینڈ میں نو ٹیسٹ کھیل چکے ہیں، جس میں انہوں نے 34.11 کی اوسط سے 614 رنز بنائے ہیں، جس میں ایک نصف سنچری اور دو سنچریاں شامل ہیں۔انگلینڈ کے اوول میں ہونے والے ڈبلیو ٹی سی فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔

Related Articles