راج کندرا پورنو گرافی کیس، کاسٹنگ ڈائریکٹر سمیت 4 مفرور ملزم گرفتار
ممبئی ،فروری۔ممبئی کرائم برانچ کے پراپرٹی سیل نے راج کندرا پورنو گرافی معاملے میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے4 مفرور ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار کئے گئے ملزمان میں ایک کاسٹنگ ڈائریکٹر اور تین معاون شامل ہیں اور انہیں ممبئی کے ورسووا اور بوریولی کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔پراپرٹی سیل کے افسران کی فراہم کی گئی معلومات کے مطابق چاروں ملزم کیس درج ہونے کے بعد سے فرار تھے اور ان کی تلاش میں ٹیمیں مسلسل مصروف تھیں۔ اسی دوران انہیں اپنے خفیہ ذرائع سے یہ اطلاع ملی کہ کیس کا ایک ملزم کاسٹنگ ڈائریکٹر نریش کمار رام منوہر پال ورسووا علاقے میں آنے والا ہے۔ اس اطلاع کے ملتے ہی پراپرٹی سیل کی ٹیم نے ٹریپ لگایا اور اسے گرفتار کرلیا۔ رام منوہر پال سے پوچھ گچھ کے دوران کرائم برانچ کو تین دیگر ملزمان کے بارے میں معلومات ملیں، جو اس کے معاون بھی ہیں۔ اس کے بعد کرائم برانچ نے دو ملزمان سلیم گلاب سید اور عبدالغلاب سید کو گورے گاؤں اور امن برنوار کو بوریولی علاقے سے گرفتار کرلیا۔کرائم برانچ کے مطابق، ان چاروں ملزمان پر ماڈلز اور اداکارہ سے زبردست پورن فلمیں شوٹ کروانے اور ان کی آبروریزی کرنے کا الزام ہے۔ اطلاعات کے مطابق، کاسٹنگ ڈائریکٹر نریش پال زبردستی مڑھ علاقے میں لے کر جاتا تھا اور وہاں انہیں پورن فلمیں شوٹ کرنے کے لئے مجبور کرتا تھا۔ پورن فلمیں زبردستی شوٹ کرنے کے بعد انہیں محض 2000 روپے دیتا تھا اور اس کام میں باقی کے تینوں ملزم اس کی مدد کرتے تھے۔ کیس درج ہونے کے بعد سے یہ ملزم گوا اور شملہ میں روپوش تھے۔واضح رہے کہ ممبئی کرائم برانچ نے پورنو گرافی میں کل چار کیسز درج کئے ہیں اور سبھی کی جانچ کے لئے باقاعدہ ایک ایس آئی ٹی کی ٹیم بنائی گئی ہے۔ یہ کیس اس وقت سرخیوں میں آیا تھا، جب اداکارہ گہنا وششٹھ اور بزنس مین راج کندرا کو کرائم برانچ نے گرفتار کیا تھا۔ فی الحال دونوں ضمانت پر باہر ہیں اور پورے معاملے کی جانچ کرائم برانچ کر رہی ہے۔