رائیڈو نے پہلے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، پھر ٹویٹ ڈیلیٹ کر دیا

ممبئی، مئی۔ ہفتہ کو ٹویٹر پرچنئی سپر کنگز کے بلے باز امباتی رائیڈو نے پہلے آئی پی ایل کیریئر سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور پھر اس ٹویٹ کو ڈیلیٹ کردیا۔ٹویٹ میں رائیڈو نے کہا تھا کہ یہ ان کا آخری آئی پی ایل سیزن ہوگا اور وہ لیگ کے باقی دو میچوں کو کھیل کر آئی پی ایل کو الوداع کہہ دیں گے۔اس ٹویٹ میں رائیڈو نے لکھاتھا، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ یہ میرا آخری آئی پی ایل ہوگا۔ دو ٹیموں کے ساتھ 13 سال گزارنا بہت اچھا تھا۔ میں اس شاندار سفر کے لیے ممبئی انڈینز اور چنئی سپر کنگز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ تاہم اس ٹویٹ کو 30 منٹ کے اندرہی ڈیلیٹ کر دیا گیا۔ ای ایس پی این کرک انفو کو معلوم ہوا ہے کہ چنئی سپر کنگز کی انتظامیہ نے اس بارے میں رائیڈو سے بات کی، اس کےبعد انہوں نے ٹویٹ ڈیلیٹ کر دیا۔تب تک کئی سابق کھلاڑی ان کے لئے مبارکباد کے پیغامات لکھ چکے تھے۔ عرفان پٹھان نے لکھا کہ وہ ہمیشہ سے رائیڈو کی بیٹنگ اور میدان میں ان کی توانائی کے مداح رہے ہیںیہ پہلا موقع نہیں ہے جب رائیڈو نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہو۔ 2019 میں بھی رائیڈو نے کچھ ایسا ہی کیا تھااور پھر ریٹائرمنٹ سے واپس بھی آئے تھے۔رائیڈو نے ممبئی اور چنئی کے ساتھ مجموعی طور پر پانچ آئی پی ایل ٹرافیاں جیتی ہیں۔ ان سے آگے صرف روہت شرما ہیں جن کے نام چھ آئی پی ایل ٹائٹل ہیں۔ رائیڈو نے 2013، 2015 اور 2017 میں ممبئی کے ساتھ رہتے ہوئے آئی پی ایل پر قبضہ کیاتھا، جبکہ 2018 اور 2021 میں انہوں نے چنئی کے ساتھ اہم خطاب جیتا تھا۔ باغی انڈین کرکٹ لیگ (آئی سی ایل) کا حصہ ہونے کی وجہ سے، وہ 2008 اور 2009 میں آئی پی ایل کا حصہ نہیں تھے۔ رائیڈو نے 187 آئی پی ایل میچوں میں 22 نصف سنچریوں اور ایک سنچری کی مدد سے 4187 رن بنائے ہیں۔

 

Related Articles