دلیپ کمار کے انتقال کے بعد سے سائرہ بانو تنہائی کا شکار ہوگئی ہیں

ممبئی ،اپریل۔بولی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمارکے گزشتہ سال انتقال کے بعد سے ان کی اہلیہ سائرہ بانو تنہائی کا شکار ہوگئی ہیں۔ ان کے قریبی دوستوں ممتاز، دھرمیندر اور شتروگھن سنہا نے بتایا کہ انہوں نے متعدد مرتبہ ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی ، لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ ممتاز نے بتایا کہ وہ ان کے پالی ہل بنگلہ کے پاس بھی گئی تھیں ، لیکن سائرہ بانو سے نہیں مل سکیں۔ اس پر انہوں نے دکھ کا اظہار بھی کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یوسف صاحب کی موت سے انہیں بہت دکھ ہوا ہے۔ وہ کسی سے بھی بات نہیں کر رہی ہیں۔ممتاز نے ایک بیان میں کہا کہ یہ بہت افسوسناک ہے۔ لگتا ہے سائرہ بانو جی یوسف صاحب کی وفات کے بعد تنہائی میں چلی گئی ہیں۔ میں نے کئی مرتبہ ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ جب میرا ان سے رابطہ نہیں ہو سکا تو میں ان کے گھر پہنچ گئی۔ لیکن میں ان سے نہیں مل سکی، میں بہت اداس محسوس کر رہی ہوں۔ممتاز نے مزید کہا کہ مجھے یاد ہے کہ میں ان دونوں سے آخری مرتبہ ان کے بنگلہ پر ملی تھی۔ سائرہ بانو کافی پیاری اور خوش دل تھیں۔ انہوں نے میرے لئے بہت لذیذ کوکیز اور کیک بنائے۔ ممتاز نے دلیپ کمار اور سائرہ بانو دونوں کے ساتھ ‘رام اور شیام اور ‘آدمی اور انسان میں کام کیا ہے۔جبکہ بولی وڈ کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر نے بھی اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سائرہ بانو جی کسی کال کا جواب نہیں دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف امید کر سکتے ہیں کہ وہ صحت مند ہیں۔ جبکہ شتروگھن سنہا نے کہا کہ دلیپ صاحب کے بعد وہ تنہائی میں چلی گئی ہیں۔ ہم سب نے سب سے بڑے اداکار کو کھو دیا۔ لیکن انہوں نے اور بھی بہت کچھ کھو دیا۔ میں چاہتا ہوں کہ وہ میری بیوی کو جانیں اور اگر انہیں ہماری ضرورت ہے تو میں اس کے لئے تیار ہوں۔خیال رہے کہ دلیپ کمار اور سائرہ بانو کی شادی11اکتوبر1966کو ہوئی تھی۔ دونوں تقریباً 65 سال تک ایک دوسرے کے ساتھ رہے۔

Related Articles