رینا رائے کے ساتھ ریتک روشن، ٹوئنکل کھنہ سمیت دیگر اسٹار کڈز کے بچپن کی تصویر

ممبئی،دسمبر۔بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ، 1970ء اور 1980ء کے عشرے کی معروف ہیروئن اور سابق پاکستانی کرکٹ اسٹار محسن حسن خان کی سابقہ اہلیہ رینا رائے کی ایک پرانی تصویر سامنے آئی ہے جو کہ 70ء کے عشرے کی ہے۔سوشل میڈیا پر شیئر اس تصویر میں رینا رائے اس عہد کے اداکاروں کے بچوں کے ساتھ بیٹھی ہیں۔واضح رہے کہ یہ تمام بچے اب بڑے ہو کر خود بھی بڑے اداکار، قلم کار اور فلم انڈسٹری میں اہم مناصب پر ہیں۔ تصویر میں رینا رائے کے ساتھ ریتک روشن، ان کی بہن سونینا روشن، ایکتا کپور اور تشار کپور، اداکار امجد خان کے بچے اہلام خان اور شاداب خان، ٹوئنکل کھنہ اور رنکی کھنہ بیٹھے نظر آرہے ہیں، تاہم ان سب کی تصویر میں شناخت ذرا مشکل نظر آرہی ہے۔رینا ان بچوں کے درمیان بیٹھی مسکرا رہی ہیں۔ تصویر کے شیئر ہونے کے بعد پرستاروں نے جہاں اسٹار کڈز کے بچپن کی معصومیت اور خوبصورتی کو سراہا وہیں انہوں نے یہ بھی تحریر کیا کہ رینا رائے نے اس تصویر کے ذریعہ عہد حاضر کی اداکارہ سوناکشی سنہا سے اپنی مشابہت کی یاد بھی دلائی ہے۔اس حوالے سے کافی سال قبل تصویر میں موجود تشار کپور نے اپنے سوشل میڈیا پر پرانی یادوں کے حوالے سے ایک تصویر شیئر کی تھی اور لکھا تھا کہ یہ 70ء کے عشرے کی کشمیر میں لی گئی تصویر ہے، جہاں بچے اس عہد کی ایک سینئر اداکارہ (رینا رائے) کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ اگر میں غلط نہیں تو یہ سری نگر میں لی گئی تصویر ہے۔

Related Articles