خمیس مشیط میں 3 لڑکیاں گاڑی کے نیچے کچلے جانے سے بچ گئیں
خمیس مشیط،نومبر۔سعودی عرب میں سیکورٹی حکام اتوار کی شام عسیر صوبے کے شہر خمیس مشیط میں پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بولیورڈ کے علاقے میں تین لڑکیاں سڑک پار کرنے کی کوشش کر رہی تھیں کہ اسی اثنا ایک تیز رفتار فورڈ گاڑی نے سڑک کے وسط میں انہیں ٹکر مار دی۔ تینوں لڑکیوں کو علاج کے لیے خمیس مشیط جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔سوشل میڈیا پر اس حادثے کی دہشت ناک وڈیو گردش میں آ رہی ہے۔ وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک پار کرنے والی لڑکیوں میں سے ایک لڑکی گاڑی کے آگے کے حصے سے ٹکرا کر ہوا میں اچھل گئی۔ ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والی تمام لڑکیوں کی حالت مستحکم ہے۔ ان کو فریکچر اور زخم میں خون جم جانے والی چوٹوں کا سامنا ہے۔دوسری جانب مذکورہ سڑک پر پیدل چلنے والوں کے لیے پْل بنائے جانے کا مطالبہ سامنے آیا ہے تا کہ آئندہ اس طرح کا حادثہ دوبارہ نہ پیش آئے۔