جیسن ہولڈر، زخمی میکائے کی جگہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں شامل
شارجہ، اکتوبر۔ویسٹ انڈیز کے تیز گیند باز اوبیڈ میکائے دائیں پیر میں چوٹ کی وجہ سے یہاں جاری آئی سی سی ٹی- 20 ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ تجربہ کار آل راؤنڈر جیسن ہولڈر کو اب 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ نے بدھ کو ٹویٹ کرکے یہ اطلاع دی۔ بورڈ کے مطابق آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے ہولڈر کو متبادل کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کرنے کی درخواست کی گئی تھی جسے کمیٹی نے قبول کر لیا ہے۔ اب وہ کل یہاں بنگلہ دیش کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔ وہ اس سے قبل ریزرو کھلاڑی کے طور پر ٹیم کے ساتھ تھے۔ قابل ذکر ہے کہ 24 سالہ میکائے انگلینڈ کے خلاف پہلے میچ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ ان کی دائیں ٹانگ پر چوٹ آئی تھی۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز کے چیف سلیکٹر راجر ہارپر نے ہولڈر کے انتخاب پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’جیسن طویل عرصے سے متحدہ عرب امارات میں ہیں اور ٹیم میں بالکل فٹ ہیں۔ ان کے پاس کافی تجربہ اور علم ہے اور وہ یقینی طور پر اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیں گے۔ ساتھ ہی ان کی موجودگی سے ٹیم کو بھی فائدہ ہوگا، کیونکہ وہ اچھے فارم میں ہیں‘۔ قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں ویسٹ انڈیز کو کرو یا مرو کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اسے ٹورنامنٹ میں رہنے کے لیے کسی بھی قیمت پر جیتنا ہوگا۔ اس میچ میں شکست کے ساتھ ہی ان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں تقریباً ختم ہو جائیں گی۔ ٹیم کی کارکردگی کی بات کریں تو اس کا یہ ورژن اب تک اچھا نہیں رہا۔ وہ لگاتار دو میچ ہار چکی ہے اور ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے دہانے پر ہے۔