جگدیشن اور سدرشن نے توڑے لسٹ اے کرکٹ کے ریکارڈ
بنگلورو، نومبر۔ تمل ناڈو کے اوپنر این جگدیشن اور سائی سدرشن نے پیر کو اروناچل پردیش کے خلاف وجے ہزارے ٹرافی ون ڈے میں لسٹ-اے کرکٹ میں کئی ریکارڈ اپنے نام کئے۔چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جگدیشن نے 141 گیندوں میں 25 چوکوں اور 15 چھکوں کی مدد سے 277 رن بنائے۔ وہ اس میچ میں 77 گیندوں میں سنچری مکمل کر کے لسٹ-اے کرکٹ میں لگاتار پانچ سنچریاں بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔ جگدیشن نے پچھلی چار اننگز میں 114 ناٹ آؤٹ، 107، 168 اور 128 رن بنائے تھے۔جگدیشن نے 277 رن کے اسکور کے ساتھ لسٹ-اے کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا علی براؤن (268) کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ براؤن نے 2002 میں سری میں کھیلتے ہوئے گلیمورگن کے خلاف یہ اسکور بنایا تھا۔جگدیشن اور سدرشن نے لسٹ-اے کرکٹ میں کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے زیادہ شراکت (416) کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ سدرشن نے آؤٹ ہونے سے قبل 102 گیندوں پر 19 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 154 رن بنائے۔تاہم اس دن کی توجہ کا مرکز جگدیشن ہی رہے۔ جگدیشن سے پہلے، دیو دت پڈیکل واحد ہندوستانی ہیں جنہوں نے لسٹ-اے کرکٹ میں لگاتار چار سنچریاں بنائی ہیں۔ اپنی پانچ سنچریوں کے ساتھ جگدیشن نے تاریخ کی کتابوں میں پڈیکل کے ساتھ ساتھ سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور جنوبی افریقہ کے الویرو پیٹرسن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔سنگاکارا 2015 میں ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے کھلاڑی تھے جبکہ پیٹرسن نے جنوبی افریقہ میں ہائی ویلڈ لائنز کی جانب سے کھیلتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔