جوفرا آرچر ایک بار پھرانجری کا شکار
لندن، مئی۔تیز گیند باز جوفرا آرچر کوپیٹھ کے نچلے حصے میں ایک اور چوٹ لگی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ انہیں اسٹریس فریکچر ہوا ہے۔ اس وجہ سے وہ گرمیوں میں (انگلینڈ کے موسم کے مطابق) ہونے والی کسی بھی سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔ اس سے قبل بھی آرچر انجری کے باعث کئی ماہ تک کرکٹ سے دور تھے۔ آرچرآخری بار مارچ 2021 میں انگلینڈ کے لیے کھیلے تھے۔ انہوں نے اگلے ہفتے ٹی20 بلاسٹ میں سسیکس کے لیے واپسی کے بارے میں بات کی تھی۔ وہ کافی عرصے سے کہنی کی چوٹ سے جوجھ رہے تھے۔ انہوں نے اپنے ابتدائی میچ سے قبل کچھ دوسری ٹیموں کے ساتھ وارم اپ میچ کھیلنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ ای سی بی نے جمعرات کی صبح تصدیق کی کہ پیٹھ کی پریشانی کی تشخیص ہونے کے بعد بقیہ سیزن کے لئے آرچر کوباہر کر دیا گیا ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے ’’ان کی واپسی کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں ماہرین کی رائے کے بعد انتظامی پلان کا تعین کیا جائے گا۔ 27 سالہ آرچر کی گزشتہ 14 مہینوں میں تین بار سرجری ہوئی ہے۔ ایک ان کے ہاتھ پر کانچ کا ایک ٹکڑا نکالنے کے لئے اور دوان کی کہنی پر۔ انہوں نے اس سال کے شروع میں ٹی20 اور ٹیسٹ دوروں کے دوران اپنی بحالی کے حصے کے طور پر بارباڈوس میں انگلینڈ کے ساتھ ٹریننگ لی اور آئی پی ایل 2022 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہیں ممبئی انڈینز نے 8 کروڑ ادا کر کے ٹیم میں شامل کیا تھا۔