جوبائیڈن کا بیان ناقابل معافی ہے ، روس

واشنگٹن ،مارچ۔ امریکی صدرجوبائیڈن نے روس کے صدرولامیرپیوٹن کو جنگی مجرم قراردیا جبکہ جو بائیڈن کی طرف سے روسی صدر پیوٹن کو جنگی مجرم” کہنے کو روس نے”ناقابل قبول اور ناقابل معافی” قرار دیا۔ ماسکو نے کہا کہ یہ بیان بازی ایک ایسے ملک کا سربراہ کررہا ہے جس کے بموں سے دنیا میں لاکھوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدرجوبائیڈن نے رپورٹرز سے گفتگو میں کہاکہ یوکرین پرحملے کے ذمہ دارروسی صدر ولادیمیرپیوٹن ہیں۔یوکرین میں ہونے والی تباہی پرمیں انہیں جنگی مجرم سمجھتا ہوں۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی کا کہنا تھا کہ صدرجوبائیڈن نے جوکہا وہ ان کے دل کی آواز تھی۔یوکرین میں روسی حملے سے تباہی کے مناظردیکھ کریہ ان کا ذاتی ردعمل تھا۔روس نے امریکی صدرکے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئیاسے ناقابل قبول اورناقابل معافی قراردیا۔ روسی صدرکے ترجمان دمتری پیسکوو نے بیان میں کہا کہ کسی بھی سربراہ مملکت کی جانب سے ایسا بیان ناقابل قبول اورناقابل معافی ہے۔جوبائیڈن سے صحافی نے پوچھا کہ کیا پیوٹن جنگی مجرم ہیں تو پہلے تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا اور آگے بڑھ گئے لیکن جب صحافیوں نے ان سے دوبارہ یہی سوال کیا تو بائیڈن نے کہا،”ہاں میرے خیال میں وہ ایک جنگی مجرم ہیں۔”بائیڈن نے اپنے بیان کی مزید کوئی وضاحت نہیں کی تاہم وائٹ ہاوس کی ترجمان جین ساکی نے کہا کہ صدر بائیڈن کا بیان یوکرین میں ہسپتالوں سمیت دیگر سویلین عمارتوں پر روسی فوج کے میزائل حملوں کے پس منظر میں ہے۔”ایک غیر ملکی ڈکٹیٹر کے ذریعہ دوسرے ملک میں بربریت اور ہولناک واقعات آپ دیکھ رہے ہیں،جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں پڑگئی ہیں۔

Related Articles