کینسر کے علاج کے نئے طریقہ کار پر تجربات کیلئے 47.5 ملین پونڈ فراہم کئے جانے کا امکان

لندن،جنوری۔ سائنسدانوں اور ڈاکٹروں کو اگلے 5 سال کے دوران کینسر کے علاج کے نئے طریقہ کار پر تجربات کیلئے 47.5ملین پونڈ فراہم کئے جانے کا امکان ہے۔ کینسر ریسرچ یوکے کے پارٹنر NIHR، لٹل پرنسز ٹرسٹ اور ایڈلٹ تجرباتی کینسر میڈیسن سینٹر ز کینسر کے علاج کیلئے تجرباتی علاج شروع کریں گے۔ بلفاسٹ، برمنگھم، کیمبرج، کارڈف، ایڈنبرا، گلاسگو، لی سیسٹر، لیور پول، مانچسٹر، نیوکاسل، آکسفورڈ، ساؤتھمپٹن میں اور لندن کے 5علاقوں کو ان تجربات کیلئے 40.8ملین پونڈ ملیں گے۔ اس کے علاوہ پورے برطانیہ کے 12پیڈیاٹرک ECMCکو 2.2ملین پونڈ اضافی دیئے جائیں گے، اس کا 5سال کا مجموعی بجٹ 6.6ملین پونڈ ہوگا، پیڈیاٹرک نیٹ ورک کیلئے فنڈنگ میں اضافے سے نئے ریسرچ سٹاف کو ملازمتیں ملیں گی، جن میں نرسیں اور ڈیٹا منیجرز شامل ہے جو کہ مریضوں کے تجربات میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔ کینسر ریسرچ یوکے کے ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر Foulkes Iain کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنی ECMC نیٹ ورک کی توسیع کو سپورٹ کرنے پر فخر ہے، جس سے وسیع تر میڈیکل اور سائنسی مہارت کو سائنسی ایجادات میں بدل دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ECMC کا نیٹ ورک مستقبل میں کینسر کے علاج میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جو کہ کینسر کے مریضوں کیلئے نئی امید ہے، آج جو تجربات ہورہے ہیں، ان سے اگلی نسل کو کینسر کے خاتمے کا بہترین مواقع مل سکیں گے۔ وزیر صحت ہیلن وہاٹلے کا کہنا ہے کہ کینسر کی تشخیص بہت ہی خوفناک ہوتی ہے لیکن ابتدا ہی میں اس کی تشخیص سے اس کو شکست دے کر اس کے علاج کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے، آج ہم فوری اسکریننگ کے ذریعہ کینسر کے زیادہ مریضوں کی تشخیص کر رہے ہیں لیکن اس سے زیادہ ہم ابھی کچھ نہیں کرسکتے۔ کینسر ریسرچ یوکے کی نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ اینڈ کیئر ریسرچ اور لٹل پرنسز ٹرسٹ کے اشتراک سے تخلیقی تجربات ہوں گے، جن سے زندگی بچانے کیلئے نئی ادویات کی ایجاد کی راہ کھل جائے گی۔ کینسر سے ضائع ہونے والی ہر زندگی تباہ کن ہے اور مجھے خوشی ہے کہ پورے ملک کے لوگوں کو نئی امید ملے گی، جس سے اس خوفناک مرض کو شکست دے سکتے ہیں۔

Related Articles