جنوبی افریقی اسپنر نے اننگز میں 10 وکٹیں لے کر تاریخ رقم کردی

ڈھاکا،نومبر۔جنوبی افریقی اسپنر سیم وائٹ ہیڈ نے فرسٹ کلاس میچ کی ایک اننگز میں 10 وکٹیں حاصل کر کے تاریخ رقم کردی۔خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اسپنر نے اپنی عمدہ کارکردگی سے جنوبی افریقی ڈومیسٹک کرکٹ کی تاریخ میں 115 سال میں بہترین باؤلنگ کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔بنگلہ دیش میں ہونے والے انڈر19 ورلڈ کپ 2016 میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرنے والے اسپنر نے ساؤتھ ویسٹرن ڈویڑن کی نمائندگی کرتے ہوئے 12.1 اوورز میں 36 رنز کے عوض 10 وکٹیں حاصل کیں۔ان کی اس شاندار کارکرددگی کے سبب چار روزہ فرنچائز سیریز میں ڈویڑن 2 میں ساؤتھ ویسٹرن ڈسٹرکٹ کے خلاف 186 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی ایسٹرن اسٹارم کی ٹیم صرف 65 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔24سالہ اسپنر نے پہلی اننگز میں بھی 64 رنز کے عوض 5 وکٹیں لی تھیں اور میچ میں مجموعی طور پر 15 وکٹیں حاصل کیں۔آل راؤنڈر نے بلے سے بہترین کھیل پیش کیا اور پہلی اور دوسری اننگز میں بالترتیب 66 اور 45 رنز کی باریاں کھیلیں اور اس عمدہ کارکردگی کی بدولت ان کی ٹیم میچ میں 120رنز سے فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔یہ 115 سال بعد جنوبی کرکٹ کی تاریخ میں بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ اور جنوبی افریقہ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں دوسری بہترین باؤلنگ ہے جہاں اس سے قبل 1906 میں برٹ ووگلر نے 26 رنز کے عوض 10 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔

Related Articles