جب مداحوں نے عامر خان اور جوہی چاولہ کی گاڑی پر اینٹ دے ماری

ممبئی،مارچ۔بالی ووڈ مسٹر پرفیکٹ عامرخان کی سالگرہ کے موقع پر ان کی فلم ’قیامت سے قیامت‘ تک کی کامیابی کے بعد خصوصی ٹور کے دوران ہونے والا ایک واقعہ پھر سے میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔بھارتی اداکار راج زوتشی نے اپنے ابتدائی فلمی کیریئر میں عامر خان کے ساتھ کئی فلموں میں کام کیا جن میں فلم’لگان‘ بھی شامل ہے، ان کا کافی عرصے تک عامر خان کے ساتھ قریبی تعلق رہا۔راج زوتشی نے گزشتہ سال فلم’لگان‘ کے 20 سال مکمل ہونے پر ایک انٹرویو عامر خان سے اپنے تعلق اور فلم’قیامت سے قیامت‘ کے بعد اپنے زندگی میں آنے والی بڑی تبدیلی کے بارے میں بات کی۔اُنہوں نے فلم ’قیامت سے قیامت‘ سے کے پروموشنز کے دوران ہونے والا ایک دلچسپ واقعہ سنایا۔اُنہوں نے بتایا کہ’تمام نوجوان اور نئے چہروں کے ساتھ فلم (قیامت سے قیامت تک) نے ریلیز ہوتے ہی ملک میں طوفان برپا کردیا تھا‘۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ’اس زمانے میں، 50 ہفتوں تک فلم کا سینما گھروں میں چلنا ایک بہت بڑی کامیابی تھی، چنانچہ جب اس فلم کو باقاعدہ ہٹ قرار دیا گیا تو فلم کے پروڈکشن ہاؤس، ناصر حسین فلمز نے ڈائریکٹر منصور خان کے ساتھ مل کر سامعین سے بات چیت کرنے کے لیے ہندوستان کے مختلف شہروں کے دورے پر جانے کا سوچا‘۔اُنہوں نے بتایا کہ’جب ٹیم بنگلور پہنچی تو منتظمین انہیں یاد دلانے کے لیے اسٹیج پر آئے کہ انہیں اگلے تھیٹر جانا ہے، لیکن مداح چاہتے تھے کہ ٹیم کچھ دیر اور وہاں پر رُکے‘۔راج نے انکشاف کیا کہ’ یہ بات محسوس کرتے ہوئے کہ سامعین غصّے کا اظہار کرسکتے ہیں، تو انہیں سنیما ہال کے اہلکاروں نے پچھلے دروازے سے باہر نکلنے کو کہا‘۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ’اُنہیں یاد ہے کہ وہ منصور صاحب اور ڈرائیور کے ساتھ گاڑی میں آگے بیٹھے تھےجبکہ عامر اور جوہی پیچھے بیٹھے تھے، جیسے ہی گاڑی کو لوگوں نے سنیما حال سے نکلتے ہوئے دیکھ لیا‘۔راج نے اپنی بات کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ’مداحوں نے ہمیں روکنے کے لیے چھت کے اوپر سے ایک اینٹ کھینچ کر گاڑی پر ماری جس کی وجہ سے گاڑی کی ونڈشیلڈٹوٹ گئی‘۔خیال رہے کہ بالی ووڈ کی مشہور فلم’قیامت سےقیامت تک‘جوکہ 1988 میں ریلیز کی گئی تھی اپنے وقت کی کامیاب ترین فلم تھی۔ اس فلم کو 1991 میں چین میں بھی ریلیز کیا گیا تھا، جوکہ چین میں پریمیئر ہونے والی عامر خان کی پہلی فلم تھی۔

 

Related Articles