جاوید آفریدی: پشاور زلمی کے مالک کی نظریں اب چیلسی فٹبال کلب کی ملکیت پر

کراچی،مارچ۔پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے برطانوی فٹبال کلب چیلسی خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔جاوید آفریدی نے بی بی سی اْردو سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ سعودی عرب اور برطانیہ کے سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر چیلسی کی ملکیت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔جاوید آفریدی کی جانب سے چیلسی فٹبال کلب خریدنے میں دلچسپی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چیلسی کے موجودہ مالک اور روس سے تعلق رکھنے والے رومن ابرامووچ نے چیلسی کو فروخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔36 سالہ جاوید آفریدی خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیت ہیں۔ اْنھوں نے برطانیہ میں تعلیم حاصل کی ہے۔ وہ پاکستان میں الیکٹرانک مصنوعات کی ایک کمپنی ’ہایئر‘ کے چیف ایگزیکٹیو ہیں۔ اس کے علاوہ وہ آٹوموبائل انڈسٹری سے بھی وابستہ ہیں تاہم اْنھیں عام لوگ پاکستان سپر لیگ کی وجہ سے جانتے ہیں جس میں حصہ لینے والی فرنچائز ’پشاور زلمی‘ کے وہ مالک ہیں۔55 سالہ ابراموموچ روسی کاروباری شخصیت اور سیاستدان ہیں۔ وہ روسی خود مختار صوبے چوکوٹکا کے گورنر بھی رہ چکے ہیں اور صدر پوتن کے قریب خیال کیے جاتے ہیں۔اْنھوں نے جون 2003 میں انگلش فٹبال کلب چیلسی خریدا تھا۔ ان کے ہوتے ہوئے چیلسی نے انگلش پریمیئر لیگ پانچ مرتبہ جیتی ہے، اس کے علاوہ چیلسی نے ان کے دور میں یورپی فٹبال میں متعدد اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں تاہم سنہ 2005 میں چیلسی نے 14 کروڑ پاؤنڈ کے خسارے کا اعلان کیا تھا۔گذشتہ سال ابرامووچ اس وقت زبردست تنقید کی زد میں آئے تھے جب انھوں نے متنازع یورپین سپر لیگ میں چیلسی کی شمولیت کا اعلان کیا تھا۔رومن ابرامووچ کی جانب سے چیلسی کو فروخت کرنے کے فیصلے کو یوکرین پر روسی حملے کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔چیلسی فٹبال کلب نے بدھ کی شب رومن ابرامووچ کا بیان جاری کیا ہے جس میں اْنھوں نے کہا ہے کہ گذشتہ چند روز سے ان کی چیلسی کی ملکیت کے بارے میں ذرائع ابلاغ میں مختلف قیاس آرائیاں جا رہی ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ اْنھوں (رومن ابرامووچ) نے اب تک جو بھی فیصلے کیے ہیں وہ چیلسی کے مفاد میں کیے ہیں اور موجودہ صورتحال میں اْنھوں نے یہی مناسب سمجھا ہے کہ چیلسی کلب کو فروخت کر دیا جائے۔ابرامووچ کا مزید کہنا ہے کہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ فیصلہ کلب، اس کے ملازمین، پرستاروں، سپانسرز اور شراکت داروں سب کے بہترین مفاد میں ہے۔ابرامووچ نے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ چیلسی کو فروخت کرنے کا عمل فوری نہیں ہو گا بلکہ اس کے لیے طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اس سلسلے میں کوئی قرضہ نہیں لیں گے کیونکہ یہ اْن کے لیے کاروبار یا پیسے کا معاملہ نہیں ہے بلکہ وہ تمام وقت کلب اور اس کھیل کے جنون میں رہے ہیں۔اخباری اطلاعات کے مطابق چیلسی فٹبال کلب کی مالیت لگ بھگ چار ارب امریکی ڈالرز بتائی جا رہی ہے اور ممکنہ خریداروں میں سوئٹزرلینڈ کی ایک کاروباری شخصیت کا نام بھی لیا جا رہا ہے۔ابرامووچ نے اپنے ساتھیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک فلاحی تنظیم قائم کریں تاکہ اس فروخت سے ہونے والی تمام آمدنی اس میں عطیہ کی جا سکے۔ اس فاؤنڈیشن سے یوکرین کی جنگ کے متاثرہ افراد کو فائدہ حاصل ہو گا۔ یہ امداد فوری طور پر اور پھر طویل المیعاد بنیاد پر بھی ہو گی۔

 

 

Related Articles