تیز گیند باز فرگیوسن چوٹ کے سبب ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر

شارجہ، اکتوبر،۔ نیوز ی لینڈ کے اہم تیز گیند باز لاکی فرگیوسن پنڈلی کی چوٹ کے سبب یہاں جاری آئی سی سی ٹی 20 عالمی کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کی جگہ تیز گیند باز ایڈم ملن کو 15 رکنی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق فرگیوسن نے منگل کی رات پریکٹس کے بعد اپنی دائیں پنڈی میں جکڑن محسوس کی تھی۔ اس کے بعد کرائے گئے ایم آر آئی اسکین میں پنڈی کے گوشت کے پھٹنے کا پتا چلا جس سے شفایابی کے لیے انہیں تین سے چار ہفتے کا وقت درکار ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ فرگیوسن کل یہاں پاکستان کے خلاف بھی نہیں کھیل پائے تھے۔ اس پر ٹیم کے کوچ گیری اسٹیڈ نے کل ایک بیان میں کہا تھا کہ ٹورنامنٹ کی شروعات سے پہلے ایسا ہونا فرگیوسن کے لیے افسوسناک ہے اور پوری ٹیم کو ان کے لیے افسوس ہے۔ وہ ہماری ٹی 20 کا اہم حصہ ہیں اور وہ بہت اچھے فارم میں ہیں۔ اس لیے اس وقت انہیں کھوناٹیم کے لیے ایک جھٹکا سے کم نہیں ہے۔ حالانکہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں ایڈم ملن کی شکل میں بہترین متبادل مل گیا ہے جو گزشتہ دو ہفتوں سے ٹیم کے ساتھ پریکٹس کررہے ہیں۔ فرگیوسن نے20 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف پریکٹس میچ کھیلا تھا جس میں انہوں نے 19 رن پر ایک وکٹ لیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے وہ گزشتہ سال کے اواخر میں پیٹھ میں فریکچر کے سبب کرکٹ سے دور ہوگئے تھے۔ فرگیوسن نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کے لیے آئی پی ایل 2021 سیزن کے آٹھ میچ کھیلے تھے اور 7.46 کی اکانمی سے 13 وکیٹ لیے تھے۔ ایڈم ملن ان کی جگہ پر ٹیم کے ساتھ تو جڑ گئے ہیں لیکن سمجھا جاتا ہے کہ ملن آئی سی سی تکنیکی کمیٹی سے ری پلیس منٹ کھلاڑی کے طورپر کھیلنے کو منظوری ملنے تک دستیاب نہیں ہوں گے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف مقابلے میں بھی پلیئنگ ایلیون میں نہیں نظر آئے۔ نیوزی لینڈ کا اگلا مقابلہ اب آئندہ اتوار کو بھارت کے ساتھ ہوگا۔

Related Articles