تنازعات کا شکار فلم ’پٹھان‘ نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

ممبئی،جنوری ۔ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان 4 سال کے بعد فلم ’پٹھان‘ میں بڑی اسکرین پر دوبارہ جلوہ گر ہونے کے لیے تیار ہیں۔شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ ریلیز سے قبل ہی متعدد تنازعات کا شکار ہوگئی ہے اور بھارت میں انتہاپسند ہندوؤں کی جانب سے اس فلم کی ریلیز پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔تنازعات کا شکار ہونے کے باوجود بھی فلم ’پٹھان‘ آئی ایم بی ڈی ویب سائٹ پر سرِ فہرست ہے۔یہ ویب سائٹ فلموں، ڈراموں، ہوم ویڈیوز، ویڈیو گیمز اور آن لائن اسٹریمنگ کانٹینٹ کے بارے میں یہ معلومات فراہم کرتی ہے کہ عوام کی جانب سے کس قسم کے مواد کو دیکھنے کے لیے زیادہ دلچسپی کا اظہار کیا جارہا ہے۔2023ء میں ریلیز ہونے والی بھارتی فلموں میں سے فلم ’پٹھان‘ اس ویب سائٹ پر سرِ فہرست ہے۔اس کا مطلب یہ ہے کہ رواں سال جتنی بھی بھارتی فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں، ان میں سب فلموں میں سے شائقین کو سب سے زیادہ بے صبری سے فلم ’پٹھان‘ کی ریلیز کا انتظار ہے۔آئی ایم بی ڈی رینکنگز کے مطابق، شاہ رخ خان کی رواں سال ریلیز ہونے والی تینوں فلموں یعنی فلم ’پٹھان‘ کے علاوہ فلم’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ کی ریلیز کا بھی مداحوں کو بہت بے صبری سے انتظار ہے۔صرف شاہ رخ خان ہی نہیں بلکہ ان کی بیٹی سہانا خان کی ڈیبیو فلم’دی آرچیز‘ بھی رواں سال ریلیز ہونے والی ان 10 بھارتی فلموں کی فہرست میں شامل ہے، جن کو دیکھنے کے لیے فلم شائقین بے تاب ہیں۔

Related Articles