تریپورہ تشدد: ترنمول کے اراکین پارلیمنٹ نارتھ بلاک میں دھرنے پر
نئی دہلی، نومبر۔ تریپورہ میں ترنمول کانگریس کے کارکنوں کو پولیس کی طرف سے مبینہ طور پر ہراساں کئے جانے کے خلاف پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ نے آج یہاں وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کے لئے نارتھ بلاک میں وزارت داخلہ کے باہر دھرنا دیا۔ترنمول کانگریس کے تقریباً 15 ممبران پارلیمنٹ پیر کی صبح نارتھ بلاک کے باہر جمع ہوئے اور مسٹر شاہ سے ملنے کا مطالبہ کیا۔ مسٹر شاہ اس وقت دفتر میں نہیں تھے، اس لیے اراکین اسمبلی باہر دھرنے پر بیٹھ گئے۔ترنمول ممبران اسمبلی کے دھرنے پر بیٹھنے کے پیش نظر وہاں سیکورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں اور ممبران پارلیمنٹ کو ایک جگہ پر بٹھا کر سیکورٹی اہلکاروں نے محاصرے میں لے لیا ہے۔قبل ازیں ترنمول کے اراکین پارلیمنٹ نے مسٹر شاہ سے ملاقات کا وقت مانگا تھا لیکن انہیں وزیر داخلہ نے وقت نہیں دیا جس کے بعد اراکین پارلیمنٹ نے ان کے دفتر کے باہر دھرنا دینے کا فیصلہ کیا۔دھرنے پر بیٹھے ممبران پارلیمنٹ میں راجیہ سبھا میں ترنمول کی قانون ساز پارٹی کے لیڈر ڈیرک اوبرائن، سکھیندو شیکھر رائے، سوگتا رائے، ڈولا سین، کلیان بنرجی اور شانتنو سین وغیرہ شامل ہیں۔یہ سبھی ممبران پارلیمنٹ مسٹر شاہ سے ملنے مغربی بنگال سے یہاں آئے ہیںدریں اثنا، سپریم کورٹ نے پیر کو بتایا کہ وہ منگل کو ترنمول کانگریس کی توہین درخواست پر سماعت کرے گی۔