بی سی سی آئی سربراہ گنگولی کورونا وائرس کا شکار، ہسپتال میں داخل

کولکتہ،دسمبر۔بھارتی ٹیم کے سابق کپتان اور کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد انہیں ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔خبر وںکے مطابق رواں سال جنوری میں گنگولی کی دل کی سرجری ہوئی تھی اور سال کے اختتام سے قبل انہیں ایک مرتبہ پھر ہسپتال میں داخل کرنا پڑ گیا۔کولکتہ کے وْڈ لینڈز ہسپتال کے سینئر ڈاکٹر نے تصدیق کی کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) کے صدر کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں پیر کو ہسپتال میں داخل کیا گیا۔خبروں کے مطابق انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گنگولی کو ہلکا بخار تھا تاہم اب ان کی حالت بہتر ہے اور اس وقت گھبرانے والی کوئی بات نہیں۔دل کے عارضے کا شکار سابق بھارتی کپتان کو ڈاکٹرز نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق گنگولی کے نمونے جینوم سیکوئنسنگ کے لیے بھیجے گئے تاکہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ وہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کا شکار ہوئے ہیں یا نہیں۔یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں سینے میں تکلیف کے سبب گنگولی کو دو مرتبہ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور ان کی اینجیو پلاسٹی ہوئی تھی۔کووڈ۔19 کی قسم ڈیلٹا کی وجہ سے بھارت میں رواں سال اپریل سے جون کے درمیان ایک لاکھ سے زائد اموات ہوئی تھی اور اب انہیں وائرس کی نئی قسم اومیکرون سے نمٹنے کا چیلنج درپیش ہے جس کے اب تک بھارت میں 650 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

Related Articles