بیٹے دھنوش اور ایشوریا میں طلاق نہیں ہوئی ہے، والد کستوری راجا
ممبئی ،جنوری۔جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے نامور اداکار دھنوش اور ایشوریا رجنی کانت کی طلاق کے معاملے میں نیا موڑ آگیا۔میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اداکار دھنوش کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹے دھنوش اور ایشوریا میں طلاق نہیں ہوئی ہے بلکہ دونوں میں خاندانی جھگڑے کے بعد علیحدگی ہوئی ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل دھنوش نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں اپنی طلاق کا اعلان کیا تھا۔سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ ’دوست، جوڑے، والدین اور ایک دوسرے کے خیرخواہ کے طور پر 18 سال کا ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔‘تاہم اب دھنوش کے والد اور معروف ڈائریکٹر کستوری راجا نے کہا ہے کہ دھنوش اور بہو ایشوریا کی طلاق نہیں ہوئی، ان کے درمیان اختلاف رائے ہے دونوں اس وقت ساتھ ہیں اور حیدرآباد میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھنوش اور ایشوریا سے بات بھی کی ہے اور انہیں نصیحیتیں بھی کی گئی ہیں۔خیال رہے کہ ایشوریا رجنی کانت لیجنڈری اداکار رجنی کانت کی بیٹی ہیں، جبکہ ان کے اور دھنوش کے دو بیٹے ہیں جن میں سے ایک 15 سالہ یاترا اور ایک 11 سالہ لنگا ہے۔ یاد رہے کہ طلاق کے معاملے پر ایشوریا کے والد رجنی کانت کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔