بھارت میں پانی پر چلتی ضعیف خاتون کی وائرل ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی

مدھیہ پردیش،اپریل۔ ریاست مدھیہ پردیش میں دریائے نرمدا میں پانی پر چلتی ضعیف خاتون کی وائرل ویڈیو کی حقیقت سامنے آ گئی۔مدھیہ پردیش کے علاقے جبل پور سے ایک ضعیف خاتون کی ویڈیو وائرل ہو گئی جسے دریائے نرمدا میں چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، مقامی لوگوں نے اسے پانی پر چلنے کی کرامت جان کر خاتون کو ’نرمدا دیوی‘ کا لقب دے کر پوجنا شروع کردیا۔میڈیا کے مطابق مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پانی پر چلتے ہوئے بوڑھی عورت کے کپڑے بھی گیلے نہیں ہوتے۔دوسری جانب بھارتی پولیس نے ویڈیو میں نظر آنے والی بوڑھی خاتون کی شناخت جیوتی رادھونشی کے نام سے کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 10 ماہ قبل اپنا گھرچھوڑ کر نکل آئی تھی جبکہ ان کے اہل خانہ نے گمشدگی کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خاتون نے کرامتوں کی تمام افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ مجھ پر گھر کی کوئی ذمہ داری نہیں تھی اس لیے گھر میں کسی کو بتائے بغیر ہی میں یاترہ کیلئے نکل آئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ مجھ میں کوئی کرامت نہیں ہے نہ ہی میں پانی کے اوپر چل رہی تھی دراصل اپنی یاترہ پر جاتے ہوئے میں نے ایسے حصے سے دریا پار کرنے کی کوشش کی تھی جہاں پانی گھٹنوں سے نیچے تھا، میرے کپڑے بھی اس لیے سوکھے ہوئے تھے کہ دریا سے نکلنے کے بعد تقریباً 20 منٹ تک میں پوجا کرتی رہی تھی۔مقامی پولیس کے مطابق خاتون کے دریا میں داخل ہونے کے بعد لوگوں کا ایک بہت بڑا ہجوم دریا کے کناروں پر جمع ہو گیا تھا اور انہوں نے کئی کرامتیں خاتون سے جوڑنا شروع کر دی تھیں۔

Related Articles