بھارتی اداکارہ رتن راجپوت نے شوبز انڈسٹری میں ’کاسٹنگ کآچ‘ کی حقیقت سے متعلق ایک شرمناک انکشاف کر دیا
ممبئی،ستمبر۔ معروف بھارتی ٹی وی شو ’اگلے جنم موہے بٹیا نہ کیجو‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ رتن راجپوت نے شوبز انڈسٹری میں ’کاسٹنگ کآچ‘ کی حقیقت سے متعلق ایک شرمناک انکشاف کر دیا۔زی نیوز کے مطابق رتن راجپوت اپنے یوٹیوب چینل پر باقاعدگی سے ولاگنگ کر رہی ہے۔ اپنے گزشتہ روز پوسٹ کیے گئے ولاگ میں انہوں نے بتایاہے کہ اپنے کیریئر کے آغاز میں وہ بھی کاسٹنگ کاؤچ کا نشانہ بن چکی ہیں۔رتن راجپوت بتاتی ہیں کہ یہ 14سال پہلے کی بات ہے جب میں نئی نئی ممبئی آئی تھی۔ میں ایک جگہ آڈیشن دینے گئی، جہاں 60، 65سال عمر کے آدمی نے مجھے کام کے بدلے جسمانی تعلق قائم کرنے کو کہا اور انکار کرنے پر بے عزتی کرکے مجھے نکال دیا۔اس آدمی نے مجھ سے کہا کہ ’’اپنے بال دیکھو، اپنی جلد دیکھو، اپنا لباس دیکھو۔ تمہاری پوری شکل و شباہت تبدیل ہونے والی ہے، تمہیں ایک مکمل میک اوور کی ضرورت ہے جس پر دو سے اڑھائی لاکھ روپے خرچ ہوں گے مگر میں تم پر اتنی رقم کیوں خرچ کروں؟ اگر تم چاہتی ہو کہ میں تم پر یہ رقم خرچ کروں تو تمہیں مجھے اپنا ’گاڈ فادر‘ بنانا ہو گا اور مجھ سے دوستی کرنی ہو گی۔‘‘رتن بتاتی ہیں کہ ’’میں اس کی بات سن کر حیران ہوئی اور کہا کہ تم میرے باپ کی عمر ہو، میں تم سے دوستی کیسے کر سکتی ہوں؟ہاں، میں آپ کی عزت کرتی ہوں اور آپ جو کہو گے میں کروں گی۔ میرے یہ الفاظ سن کر وہ بہت غصے میں آ گیا اور کہنے لگا کہ میں کچھ بھی مفت نہیں کروں گا۔ یہاں صرف دوستیاں ہوتی ہیں۔ باپ بیٹی کے رشتے نہیں بنتے یہاں۔ اگر تم اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنا چاہتی ہوں تو یہ ڈرامہ بند کرنا ہو گا۔ ‘‘ رتن نے بتایا کہ ’’اس آدمی نے مجھ سے یہاں تک کہہ دیا کہ اگر میری اپنی بیٹی بھی اداکارہ بننے کے لیے میرے پاس آئے گی تو میں اس کے ساتھ بھی جسمانی تعلق قائم کروں گااور پھر اس پر رقم خرچ کرکے اسے اداکارہ بننے میں مدد دوں گا۔ میں نے جب اس کی یہ باتیں سنی تو مجھے ایک جھٹکا لگا اور میں فوراً سے پہلے وہاں سے نکل گئی۔ اس آدمی نے میرے ساتھ کوئی دست درازی نہیں کی تھی مگر اس نے جو الفاظ بولے، وہ آج بھی میرے ذہن میں گونجتے ہیں۔ اس کے بعد میں ایک ماہ تک کسی اور سے نہیں ملی تھی۔مجھے آج بھی اس شخص پر بہت غصہ ہے۔ اگر وہ آج بھی میرے سامنے آئے گا تو میں اس کے منہ پر تھپڑ دے ماروں گی۔