بحری محاذ پر تیاریوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت : راجناتھ
نئی دہلی ، مئی۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مسلسل بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں ملک کے اقتصادی اور اسٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے لیے بحری محاذ پر تیاریوں کو مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ مسٹرسنگھ نے پیر کو یہاں انڈین کوسٹ گارڈ کی تین روزہ 39ویں کمانڈرز کانفرنس کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں ملک کی بحری سلامتی کی ضروریات میں تبدیلی آئی ہے ۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے اور ملک کے اقتصادی اور سٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے لیے بحری محاذ پر تیاریوں کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔ ممبئی دہشت گردانہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ اس واقعہ نے ملک کی ساحلی سلامتی کی طرف توجہ مبذول کرائی تھی ۔ اس کے بعد ہندوستانی کوسٹ گارڈ گزشتہ کچھ برسوں سے اپنی صلاحیت میں مسلسل اضافہ کرنے میں مصروف ہے ۔ ان کوششوں کے نتیجے میں 2008 کے بعد سے ملک میں سمندری راستے سے کوئی دہشت گردانہ حملہ نہیں ہوا ۔ انڈوپیسفک خطے کو ملک کی بحری سکیورٹی کی ایک اہم جہت قرار دیتے ہوئے انہوں نے اس کے آزاد اور کھلا خطہ بنے رہنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی علاقائی اور عالمی تجارت نے ایک نئے چیلنج کو جنم دیا ہے۔ جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور سٹریٹجک مفادات کے تصادم کے نتیجے میں روایتی سکیورٹی چیلنج کے طور پر سامنے آرہا ہے ۔