بارکلے دوبارہ آئی سی سی کے چیئرمین مقرر
میلبورن/دبئی، نومبر۔ نیوزی لینڈ کے گریگ بارکلے ہفتہ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔میلبورن میں آئی سی سی کے اجلاس میں بارکلے کے واحد حریف زمبابوے کرکٹ (زیڈ سی) کے صدر توینگوا مکھولانی نے انتخاب سے اپنا نام واپس لے لیا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) کے سابق صدر بارکلے اب مزید دو سال تک آئی سی سی کے چیئرمین کے عہدے پر فائز رہیں گے۔ بارکلے کو انتخابات کے دن 17 رکنی بورڈ میں تقریباً 12 ڈائریکٹرز کی حمایت حاصل تھی، جس میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی حمایت شامل تھی۔ بی سی سی آئی کی نمائندگی سکریٹری جئے شاہ کررہے ہیں۔بارکلے کو ان کے دوبارہ انتخاب پر مبارکباد دیتے ہوئے، مکھولانی نے کہا، "میں گریگ کو آئی سی سی کے صدر کے طور پر ان کی دوبارہ تقرری پر مبارکباد دینا چاہوں گا۔ ان کی قیادت جو تسلسل فراہم کرے گی وہ کھیل کے بہترین مفاد میں ہے، اس لیے میں نے اپنی امیدواری واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی سی سی کے ساتھی ڈائریکٹرز کا ان کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بارکلے نے کہا: "گزشتہ دو برسوں میں ہم نے اپنی عالمی ترقی کی حکمت عملی کے آغاز کے ساتھ اہم پیش رفت کی ہے جو ہمارے کھیل کے لیے ایک کامیاب اور پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لیے واضح سمت فراہم کرتی ہے۔ کرکٹ میں شامل ہونے کا یہ ایک دلچسپ وقت ہے۔ میں اپنی اہم مارکیٹوں میں کھیل کو بڑھانے اور مضبوط کرنے کے لیے اپنے اراکین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ پوری دنیا میں زیادہ سے زیادہ لوگ کرکٹ سے لطف اندوز ہو سکیں۔”بارکلے آکلینڈ میں مقیم ایک تجارتی وکیل ہیں جنہیں نومبر 2020 میں آئی سی سی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ وہ اس سے قبل این زیڈ سی کے چیئرمین اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2015 کے ڈائریکٹر رہ چکے ہیں۔