ایک ہفتے میں پی ڈبلیو ڈی کی تمام سڑکیں گڈھے سے پاک: سسودیا
نئی دہلی، اکتوبر۔ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ اور محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے وزیر منیش سسودیا نے کہا کہ کیجریوال حکومت ایک ہفتے کے اندر دارالحکومت کی تمام پی ڈبلیو ڈی سڑکوں کو گڈھوں سے پاک کر دے گی۔مسٹر سیسودیا نے آج پی ڈبلیو ڈی کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پی ڈبلیو ڈی افسران اپنے زون کے تحت آنے والی تمام سڑکوں کا معائنہ کریں اور ضرورت کے مطابق ان کی مرمت کروائیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلے میں ایک ہفتہ کے اندر اسٹیٹس رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ دہلی میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران شدید بارش ہوئی ہے جس کے نتیجے میں پی ڈبلیو ڈی کی کئی سڑکوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے، جس سے لوگوں کو آنے جانے میں کافی تکلیف ہورہی ہے۔ اس کے پیش نظر دہلی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک ہفتہ کے اندر پی ڈبلیو ڈی کے تحت تمام سڑکوں کو گڈھے سے پاک کیا جائے اور سڑکوں پر ضروری مرمت کا کام کیا جائے تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑےنائب وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ دہلی میں تقریباً 1400 کلومیٹر سڑک پی ڈبلیو ڈی کے تحت ہے اور دیگر تمام سڑکیں این ایچ اے آئی، این ڈی ایم سی، ڈی ڈی اے اور ایم سی ڈی وغیرہ کے پاس ہیں۔ ایسے میں پی ڈبلیو ڈی کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان 1400 کلومیٹر لمبی سڑکوں کو مضبوط بنائے اور ہم سڑکوں کو بہتر بنا کر دہلی کے لوگوں کو رکاوٹ سے پاک سڑکیں دینے کے لیے پرعزم ہیں۔