آسٹریلیا نے بائیں ہاتھ کے اسپنر کوہنمین کو طلب کر لیا

میلبورن، فروری ۔ آسٹریلیا نے بائیں ہاتھ کے اسپنر میتھیو کوہنمین کو بارڈر-گاوسکر ٹرافی ٹیسٹ سیریز کے بقیہ میچوں کے لیے ٹیم میں شامل کیا ہے۔اتوار کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ کوہنمین کو ٹیم میں اس وقت شامل کیا گیا جب لیگ اسپنر مچل سویپسن کو اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے لیے وطن واپس لوٹنا پڑا۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں صرف 13 میچز کھیلنے والے کوہنمین کا امکان ہے کہ وہ جمعہ سے دہلی میں شروع ہونے والے ہندوستان کے خلاف دوسرے میچ میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔آسٹریلیا کے کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے کہا کہ ان کے پاس اگلے ٹیسٹ میچ میں کھیلنے کا اچھا موقع ہے، اگر ہم تین اسپنرز کھیلتے ہیں تو ہمیں ایک اضافی کھلاڑی کی ضرورت ہوگی، اس لیے ہم نے ٹیم میں چوتھے اسپنر (کوہنمین) کو شامل کیا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کے پاس پہلے ٹیسٹ کے لیے دو لیگ اسپنرز مچل سویپسن اور ایشٹن ایگر تھے، حالانکہ کینگروز نے نیتھن لیون کے تجربے سے نوجوان ٹیلنٹ ٹوڈ مرفی کو میدان میں اتارنے کو ترجیح دی۔ اگر آل راؤنڈر کیمرون گرین دوسرے ٹیسٹ کے لیے فٹ ہو گئے تو آسٹریلیا فاسٹ باؤلر کی جگہ کوہنمین کے ساتھ جا سکتا ہے۔ڈومیسٹک کرکٹ میں کوئنز لینڈ کی جانب سے کھیلنے والے کوہنمین نے وکٹوریہ کے خلاف میچ کے بعد کہاکہ کل صبح مجھے پریکٹس کے لیے جاتے ہوئے ایک فون آیا، میں حیران رہ گیا، یہ میری خوش قسمتی تھی کہ میرا پاسپورٹ ابھی تک میرے بیگ میں تھا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے پہلے ٹیسٹ کا پورا کھیل دیکھا۔ یہ سیریز دیکھنے میں بہت مزہ آیا۔ ٹوڈ مرفی نے بہت اچھا کام کیا اور میں نے جڈیجہ کو بھی باؤلنگ کرتے دیکھا۔ اس لیے واقعی میں وہاں جانے کا منتظر ہوں۔‘‘

Related Articles