آئی سی سی نے ’ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ‘ کا ترانہ جاری کردیا

آئی سی سی،ستمبر۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے میل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے آفیشل ترانے ’لائیو دی گیم‘ کو جاری کردیا۔مختصر دورانیے کے ترانے کی موسیقی بولی وڈ موسیقار، گلوکار و ہدایت کار امت تریویدی نے دی ہے اور گانے میں جدید ٹیکنالوجی کی اینیمیشنز کا استعمال کیا گیا ہے۔گانے میں بھارت، آسٹریلیا، انڈیا اور افغانستان کے معروف کھلاڑیوں کے اینیمٹڈ کرداروں کو دکھایا گیا ہے جب کہ شائقین کو بھی اینیمیشن کی صورت میں دکھایا گیا ہے۔ویڈیو کا آغاز ویسٹ انڈیز کے ملک جمیکا سے ہوتا ہے جس کے بعد کرکٹ کے ممبئی کے مداح کو دکھانے کے بعد کراچی کے نوجوان کرکٹ مداح کو دکھایا گیا ہے۔آفیشل ترانے کی ویڈیو میں پاکستان اور سری لنکا سمیت دیگر ممالک کے کھلاڑیوں کو بھی نہیں دکھایا گیا، جس کی وجہ سے گانے پر اعتراض بھی کیا جا رہا ہے۔آئی سی سی کے مطابق مذکورہ گانے کی ویڈیو کی تیاری میں 40 مختلف تھری ڈی اور ٹو ڈی اینیمیشن سمیت دیگر ٹیکنالوجی کے آرٹسٹ افراد نے مدد فراہم کی۔گانے کو آئی سی سی کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کیے جانے سمیت اسے پارٹنر ٹی وی چینلز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی جاری کیا گیا۔گانے میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا حصہ بننے والی دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں یا ممالک کی جھلکیاں نہ دکھائے جانے پر کئی لوگ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز آئندہ ماہ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے ہوگا اور ایونٹ کے میچز عمان میں بھی ہوں گے اور کپ 14 نومبر تک جاری رہے گا۔اس مرتبہ ٹی ٹوئنٹی کپ میں مجموعی طور پر 16 ٹیمیں میدان میں اتریں گی، جن میں 12 بڑی ٹیموں کو آئی سی سی نے سپر ٹیمز کا نام دیا ہے۔مذکورہ ایونٹ کا انعقاد 2020 کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونا تھا مگر کورونا کی وبا کی وجہ سے اس کی میزبانی بھارت کو دی گئی تھی مگر وہاں بھی وبا کے باعث ایونٹ کا انعقاد نہیں ہو سکا۔بعد ازاں آئی سی سی نے میزبان بھارت کی مشاورت سے ایونٹ کا انعقاد یو اے ای اور عمان میں رکھا اور اب اگلے ماہ ایونٹ کا آغاز ہوگا۔

Related Articles