آئی سی سی رینکنگ میں ہرمن پریت اور دپتی نے چھلانگ لگائی

دبئی، مارچ۔ ہندوستان کی بلے باز ہرمن پریت کور اور آل راؤنڈر دپتی شرما نے آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی میں چھلانگ لگائی ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف گزشتہ میچ میں فارم میں واپسی کرنے والی ہرمن پریت نے 63 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور اسکی وجہ سے وہ بلے بازی کی رینکنگ میں ٹاپ 20 میں شامل ہیں جب کہ سیریز میں دس وکٹیں لینے والی دپتی نے بھی ایک درجے کی چھلانگ کے ساتھ گیندبازی کی رینکنگ میں 12ویں پوزیشن حاصل کرلی۔ نیوزی لینڈ کی آل راؤنڈر امیلیا کر، جنہوں نے حال ہی میں ختم ہونے والی سیریز میں ہندوستان کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور انہیں پلیئر آف دی سیریز سے بھی نوازا گیا ، انہیں اس کا انعام ملا ہے۔ امیلیا نے بیٹنگ رینکنگ میں پانچ مقام کی چھلانگ لگائی ہے اور اب وہ 17ویں نمبر پر آگئی ہیں۔ 21 سالہ آل راؤنڈر آل راؤنڈر رینکنگ میں بھی ٹاپ 5 میں شامل ہوگئی ہیں، اس سے پہلے وہ چھٹے نمبر پر تھیں لیکن اب وہ چوتھی پوزیشن پر آگئی ہیں۔ہندوستان کے خلاف کھیلی گئی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں امیلیا نے 117.66 کی اوسط سے 353 رنز بنائے جس میں تین نصف سنچریاں اور ایک سنچری شامل تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے سات وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔ خاص طور پر چوتھے میچ میں امیلیا نے کمال کا مظاہرہ کیا۔ جہاں انہوں نے پہلے بلے سے 33 گیندوں میں 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور پھر گیند سے 30 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ آئی سی سی کی تینوں رینکنگ پر آسٹریلیائی تکڑی کا قبضہ ہے، بیٹنگ رینکنگ میں ایلیسا ہیلی سرفہرست ہیں۔ جب کہ جیس جانسن کے سر پر گیندبازی رینکنگ کا تاج ہے اور ایلس پیری آل راؤنڈر رینکنگ میں سرفہرست ہیں۔

 

Related Articles