اوآرآرکو لیز، چندرشیکھرراو خاندان کا ایک اوراسکام:کشن ریڈی

حیدرآباد،مئی۔مرکزی وزیر سیاحت کشن ریڈی نے تلنگانہ حکومت سے پوچھا ہے کہ حیدرآباد کے اطراف کی آوٹررنگ روڈ(اوآرآر) کو 30 سال کے لیے ایک نجی کمپنی کو لیز پر دینا کیوں ضروری ہے؟ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے اپنی پسند کے افراد کو اس کا کنٹریکٹ دیتے ہوئے حکومت کی آمدنی میں کمی کی ہے۔ بی جے پی کے دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میٹروپالیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (حمڈا)کو ٹول کے ذریعہ 30 سال میں 75 ہزار کروڑ روپے کی آمدنی ہوگی۔ کشن ریڈی نے الزام لگایا کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے پہلے ہی یہ فیصلہ کر لیا تھا کہ لیز سے پہلے کس کمپنی کو ٹنڈرحاصل کرنا چاہیے۔کشن ریڈی نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چندر شیکھر راؤ کا خاندان او آر آر کے نام پر ایک نیا اسکام کر رہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بی آر ایس کے لیڈران کہتے ہیں کہ وہ نجی کاری کے خلاف ہیں لیکن ان کی جانب سے اوآرآر کو لیز پر دینے سے اس معاملہ کی پول کھل گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کا یہ بیان کہ لیز کا عمل این ایچ اے آئی کے اصولوں کے مطابق کیا گیا ہے غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ قواعد کے مطابق، بڑھتی ہوئی آبادی اور گاڑیوں کی تعداد کے لحاظ سے لیز کی حد کو کم کیا جا سکتا ہے، لیکن حکومت نے اسے نظر انداز کر دیا ہے۔

Related Articles