امیتابھ بچن نے شاہ رخ خان کی کس خوبی کی تعریف کی؟

کولکتہ،دسمبر۔بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن نے فلم ’پٹھان‘ سمیت کئی دیگر فلموں کے خلاف بھارت میں شروع ہونے والی بائیکاٹ مہم پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔حال ہی میں کولکتہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں ویسٹ بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، امیتابھ بچن، جیا بچن، شاہ رخ خان، رانی مکھرجی اور دیگر نے شرکت کی۔امیتابھ بچن نے اس تقریب میں اپنی تقریر کے دوران انتہائی محتاط انداز میں بھارت میں’شہری آزادی‘ اور ’اظہارِ رائیکی آزادی‘ سے متعلق اْٹھنے والے سوالات پر تشویش کا اظہار کیا۔اْنہوں نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ’1952ء کے سنیماٹوگراف ایکٹ نے سنسرشپ کا ڈھانچہ متعین کیا جوکہ آج بھی فلم سرٹیفیکیشن بورڈ کے ذریعے برقرار ہے‘۔اْنہوں نے کہا کہ’ لیکن اس کے باوجود بھی ملک میں شہری آزادی اور آزادیٔ رائے کے اظہار پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ اس اسٹیج پر موجود میرے ساتھی میری اس بات سے متفق ہوں گے‘۔امیتابھ بچن کی تقریر کے دوران اسٹیج پر ان کے ہمراہ شاہ رخ خان بھی موجود تھے، جن کی فلم’پٹھان‘ کے خلاف آج کل بھارت میں مظاہرے کیے جارہے ہیں۔اْنہوں نے اس تقریب کے دوران شاہ رخ خان کی جانب سے کی گئی تقریر کی بھی تعریف کی۔اْنہوں نے کہا کہ ’شاہ رخ خان کے فنکارانہ تحمل کو سلیوٹ پیش کرتے ہیں جس سے مساوات کو فروغ ملتا ہے‘۔واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے کولکتہ انٹرنیشنل فلم فیسٹول 2022ء میں خطاب کے دوران اپنی فلم پٹھان کے بائیکاٹ پر مبنی سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر ٹرینڈ کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔انہوں نے فلم پٹھان کا حوالہ تو نہیں دیا البتہ ان کے مخاطب سوشل میڈیا پر تنگ نظری پر مبنی خیالات کے حامل افراد تھے۔شاہ رخ خان نے منفی خیالات رکھنے والوں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں کہ دنیا کچھ بھی کرلے میں، آپ اور جتنے بھی مثبت خیالات رکھنے والے لوگ ہیں سب ابھی بھی زندہ ہیں۔

Related Articles