اسرائیل کا شام پر پھر فضائی حملہ، چار فوجی ہلاک

دمشق،نومبر ۔ شام کی عرب خبر رساں ایجنسی نے کہا کہ ہفتہ کی صبح شام کے ساحلی اور وسطی علاقوں کے بعض مقامات پر اسرائیلی فضائی جارحیت میں 4 شامی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ایجنسی نے مزید کہا کہ شام کے فضائی دفاع نے اس حملے کا جواب دیا ہے۔ یہ حملہ بحیرہ روم کے اوپر سے کیا گیا تھا اور اس سے مادی نقصان بھی ہوا۔سرکاری میڈیا نے ایک نامعلوم شامی فوجی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ بحیرہ روم کے اوپر سے پرواز کرنے والے اسرائیلی جنگی طیاروں نے ساحل اور وسطی شام میں فوجی مقامات پر میزائل داغے ہیں۔سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا کہ ساحلی صوبے لاذقیہ کے علاوہ وسطی شام کے حمآ اور حمص کے علاقوں میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔اسرائیل نے حالیہ برسوں میں شام میں حکومت کے زیر قبضہ علاقوں کے اندر اہداف پر سینکڑوں حملے کیے ہیں۔ تاہم وہ شاذ و نادر ہی ان کارروائیوں کو تسلیم کرتا ہے۔دریں اثنا اسرائیل نے تسلیم کیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ منسلک مسلح گروپوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ ان گروپوں میں لبنانی ’’حزب اللہ‘‘ بھی شامل ہے جس نے شام کے صدر بشار الاسد کی افواج کی حمایت کے لیے ہزاروں جنگجو بھیجے ہیں۔یاد رہے 13 نومبر کو بھی وسطی شام میں ایک اسرائیلی حملے میں شعرات ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں دو فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوگئے تھے۔

Related Articles