اردن کا غزہ میں 72 ملین ڈالرمالیت سے اسپتال تعمیر کرنے کا اعلان

غزہ،ستمبر,ارن کی ہاشمی حکومت نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں 72 ملین ڈالر مالیت سے ایک بڑا اسپتال تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اسپتال غزہ میں 12 سال سے قائم فیلڈ اسپتال سے متصل تعمیر کیا جائے گا۔ فیلڈ اسپتال بھی اپنی جگہ بدستور کام جاری رکھے گا۔غزہ میں البریج بلدیہ کونسل کیچیئرمین ایمن الدویک نے بتایا کہ اردن نے 50 ملین اردنی دینار سے غزہ میں اسپتال کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ اردنی حکومت کی طرف سے اسپتال کے لیے قطعہ اراضی مختص کرنے کو کہا ہے۔ اسپتال کے لیے مشرقی کیمپ میں 15 دونم 15000 مربع فٹ جگہ مختص کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسپتال کی تعمیر کے لیے قائم کردہ کمیٹی نے اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم کی طرف سے براہ راست ہدایات کے تحت اسپتال کی تعمیر کی تیاریاں شروع کی ہیں۔ شاہ عبداللہ دوم نے عمان میں حمزہ اسپتال کے دورے کے دوران غزہ میں ایسا ہی ایک اسپتال تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ایمن دویک نے مزید کہا کہ اسپتال کی تعمیر کا عمل اکتوبر کے اوائل میں شروع ہوگا۔ اگر اس کی تعمیر میں کوئی رکاوٹ نہ آئی تو اسے چار ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔ توقع ہے کہ یہ اسپتال آئندہ سال فروری میں اپنی سروسز شرو کردے گا۔اسپتال کی تعمیر پر50 ملین اردنی دینار لاگت آئے گی۔ یہ رقم امریکی کرنسی میں 72 ملین ڈالر کے برابر ہے۔ اسپتال کی عمارت کی تعمیر کے ساتھ اس کے لیے تمام ضروری طبی مشینری، فرنیچر اور دیگر ضروری اشیا کی فراہمی بھی اردنی حکومت کی طرف سے دی جائے گی۔

Related Articles