اداکار رام چرن کی کینسر کے مریض بچے سے ملاقات
حیدر آباد،فروری۔جنوبی بھارت کی تیلگو فلموں کے مشہور اداکار اور پروڈیوسر رام چرن نے جمعہ کو اپنے ایک کمسن پرستار سے حیدر آباد کے اسپارش اسپتال میں ملاقات کی ہے۔9 سالہ پرستار راولا مانی کوشل کینسر کی بیماری میں مبتلا ہے، اس نے رام چرن سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔آر آر آر فلم میں کام سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے رام چرن ان دنوں اپنی آئندہ آنے والی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، تاہم ابھی فلم کا نام تجویز نہیں کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ رام چرن تیلگو فلموں کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار ہیں۔جب رام چرن کی اپنے ننھے فین کے ساتھ ملاقات اور گفتگو کی تصاویر سوشل میڈیا پر آئیں تو صارفین نے رام چرن کے اس اقدام کو خوب سراہا۔ رام چرن کی کینسر کے مریض بچے سے یہ ملاقات میک اے وش فاؤنڈیشن کے ذریعے ہوئی، رام چرن نے بچے کی ان سے ملاقات اور کچھ وقت ساتھ گزارنے کی خواہش پوری کی۔