اداکارہ پریتی جھنگیانی مہاراشٹر آرم ریسلنگ ایسوسی ایشن کی صدر بنیں

ممبئی، مارچ۔بالی ووڈ اداکارہ پریتی جھنگیانی کو جمعرات کو مہاراشٹر آرم ریسلنگ ایسوسی ایشن کا صدر منتخب کیا گیا۔تنظیم نے ایک ریلیز میں کہا کہ پریتی کو ہندوستان اور بیرون ملک آرم ریسلنگ کے کھیل کو فروغ دینے اور مہاراشٹر بھر میں آرم ریسلنگ کمیونٹی کی ترقی کے لیے ان کے کام کے پیش نظر اس عہدے پر مقرر کیا گیا ہے۔پریتی نے مہاراشٹر کی آرم ریسلنگ کمیونٹی کا اظہار تشکر کیا اور خواتین کے ساتھ ساتھ خاص طور پر معذور کھلاڑیوں کو آرم ریسلنگ کے کھیل میں حصہ لینے کی ترغیب دینے کا عزم کیا۔پریتی نے کہاکہ "مہاراشٹر آرم ریسلنگ ایسوسی ایشن کا صدر مقرر ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ڈاکٹر شریکانت والنکر، سچن متنے، پرمود والمادری اور ہماری مضبوط ٹیم کے ساتھ ہم مہاراشٹر میں آرم ریسلنگ کو بڑے پیمانے پر فروغ دینا چاہتے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ "میں ممبئی میں پیدا ہوئی اور پرورش پائی اور مہاراشٹر میرا گھر ہے۔ میں ہمیشہ اپنے مہاراشٹر اور اس کے کھلاڑیوں کی ترقی اور بااختیار بنانے کے لیے کام کروں گی۔آئندہ 34 ویں ریاستی سطح کے آرم ریسلنگ مقابلے پریتی جھنگیانی کی قیادت میں پونے میں منعقد ہوں گے۔ مہاراشٹر آرم ریسلنگ ایسوسی ایشن ایک عوامی ٹرسٹ ہے جو حکومت مہاراشٹر کے سوسائٹیز ایکٹ 1860 اور بی پی ٹی ایکٹ 1950 کے تحت رجسٹرڈ ہے۔قابل ذکر ہے کہ پریتی نے پروین ڈباس کے ساتھ مل کر فروری 2020 میں پرو پنجا لیگ کا آغاز کیا گیاتھا۔ یہ لیگ پچھلے دو سالوں میں ایشیا کا سب سے بڑا آرم ریسلنگ مقابلہ بن گیا ہے۔ پرو پنجا لیگ نے ملک بھر میں کچھ رینکنگ ٹورنامنٹس، کئی میگا میچز اور بہت سے پروموشنل ایونٹس کا انعقاد کیا ہے۔دریں اثنا، مہاراشٹر آرم ریسلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری اور آرم ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے نائب صدر ڈاکٹر شری کانت والانکر نے بتایا کہ ایسوسی ایشن نے ناگپور میں مختلف معذور شہریوں کے لیے آرم ریسلنگ اور پاور لفٹنگ کے لیے ایک تربیتی مرکز بھی شروع کیا ہے۔

 

Related Articles