ابوظہبی ٹی 10 لیگ 23 نومبر سے زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی
ابوظہبی، جون ۔ ابوظہبی ٹی 10 لیگ 2022 کا انعقاد 23 نومبر سے 4 دسمبر تک یہاں زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ کے چھٹے ایڈیشن میں، پچھلی بارکی فاتح دکن گلیڈی ایٹرز اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لیے دہلی بلز، چنئی بریوز، بنگلہ ٹائیگرز، ناردرن واریئرز اور ٹیم ابوظہبی کا مقابلہ کرے گی۔ کپتان وہاب ریاض اور آل راؤنڈر آندرے رسل جیسے ستاروں سے مزین دکن گلیڈی ایٹرز ٹیم نے 2021 میں ٹی10 چیمپئن شپ جیتی تھی۔ ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے سیکرٹری جنرل ایچ ای عارف العوانی نے کہا، ابوظہبی ٹی10 کے ساتھ ہماری شراکت داری کے ذریعے، ہم نے ابوظہبی کو کھیلوں کے ایک اہم عالمی مرکز کے طور پرقائم کیاہے اور کرکٹ کے سب سے زیادہ تفریحی مقابلوں میں سے ایک کی تعمیر اورمیزبانی دونوں کے لئے صلاحیت کا مسلسل مظاہرہ کیا ہے۔ ٹی ٹین اسپورٹس مینجمنٹ کے صدر شاجی الملک نے کہا کہ ابوظہبی انٹرنیشنل کرکٹ کیلنڈر کا ایک بڑا ایونٹ بن گیا ہے۔ ملک نے کہا، ’’جب ہم پہلی بار ابوظہبی میں لیگ لائے تھے، تو ہمارا مقصد اسے بین الاقوامی کرکٹ کیلنڈر پر ایک اسٹینڈ آوٹ کے طورپر قائم کرناتھا۔ ابوظہبی کرکٹ، ابوظہبی اسپورٹس کونسل، محکمہ ثقافت و سیاحت اور ابوظہبی و امارات کرکٹ بورڈ کے تعاون سے ہم ایسا کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ہم اس کامیابی کو جاری رکھیں گے اور ہم اگلا قدم اٹھانے کے لیے پرجوش ہیں جب کہ کرکٹ کا تیز ترین فارمیٹ تیار ہو رہا ہے۔‘‘ ابوظہبی کرکٹ کے سی ای او میٹ باؤچر نے کہا ابوظہبی ٹی 10 کو 10 اوور کرکٹ کی مقبولیت میں اضافے کا کریڈٹ دیا۔ باؤچر نے کہا، “ابوظہبی ٹی 10 کے پچھلے تین ایڈیشنز نے ثابت کر دیا ہے کہ 10 اوورز کرکٹ کے پاس ایک فروغ پزیر مارکیٹ ہے اور بین الاقوامی شائقین موجود ہیں۔ پچھلے سال 27.93 کروڑ ڈالر کی اسپانسرشپ ویلیو اور لیگ کے 62.12 کروڑ کی اقتصادی اثر کی قیمت کے ساتھ، ابوظہبی ٹی10لیگ میں شامل تمام لوگوں کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سال ابوظہبی ٹی 10 ایونٹ سے قبل 2022 کا آفیشل ڈرافٹ جاری کیا جائے گا جس میں کئی نئے کھلاڑیوں کے نام شامل ہوں گے۔