کھلاڑیوں کے تحفظات کے باوجود انگلش بورڈ نے ایشز کیلئے ٹیم بھیجنے کا اعلان کردیا
لندن،اکتوبر۔انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کے انعقاد کے حوالے سے خدشات دم توڑ گئے اور اب سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کی منظوری دے دی۔رپورٹس کے مطابق جمعے کوانگلش کرکٹ بورڈ کے اجلاس میں لیا گیا یہ فیصلہ اس ہفتے کے شروع میں انگلینڈ کے کھلاڑیوں اور کرکٹ آسٹریلیا کے مابین ہونے والی مثبت بات چیت کے بعد کیا گیا۔واضح رہے کہ 8 دسمبر سے برسبین میں شروع ہونے والی 5 میچز کی ایشز سیریز کیلئے انگلینڈ کے کرکٹرز نے آسٹریلوی کووڈ پروٹوکولز کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا تھا جس کے باعث رواں برس ایشز سیریز خدشات کا شکار تھی۔تاہم اب شیڈول کے مطابق ہوگی۔انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے کھلاڑیوں کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ایشز کیلئے انگلش ٹیم کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے تاہم انگلش کپتان جو روٹ نے صاف کہہ دیا تھا کہ اتنی سختی میں دورہ آسٹریلیا ممکن نہیں جس کے جواب میں آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے کہا تھا کہ جو روٹ کے بغیر بھی سیریز ہوسکتی ہے۔خیال رہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی ایشز سیریز کو اتنی ہی اہمیت حاصل ہے جتنی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچز کو ہوتی ہے۔اس معاملے میں ایک بار پھر انگلش کرکٹ بورڈ کا دہرا معیار سامنے آیا ہے جہاں اس نے ایک طرف رواں ماہ شیڈول دورہ پاکستان کھلاڑیوں سے رائے لیے بغیر ہی منسوخ کردیا جبکہ ایشز سیریز میں کھلاڑیوں کی منفی رائے کے باوجود ٹیم بھیجنے کا اعلان کردیا۔