پاٹیدار کی ناقابل شکست سنچری نے کرکٹ کی دنیا میں ہلچل مچا دی

کولکاتہ، مئی۔رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے بلے باز رجت پاٹیدار کی لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کے خلاف ناقابل شکست سنچری (54 گیندوں میں 112 رنز) نے کرکٹ کی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے۔ بلے باز کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی بیٹنگ پر بھروسہ ہے، میں نے اتنے بڑے اسٹیج پر اپنا مظاہرہ دکھایا۔ اندور میں پیدا ہونے والے کرکٹر نے رائل چیلنجرز بنگلور کے لیے کھیلتے ہوئے ٹیم کو چار وکٹوں پر 207 رنز بنانے میں مدد کی، جس میں انھوں نے 12 چوکے اور سات چھکے لگائے۔ دوسری طرف، فاف ڈو پلیسس کی قیادت والی ٹیم نے لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف جیت کے ساتھ کوالیفائر 2 میں جگہ بنا لی ہے، جہاں وہ راجستھان رائلز سے مقابلہ کریں گے۔ پاٹیدار نے کہا، میں نے اپنی اننگز کے دوران کچھ وقت کریز پر رہنے کے لیے دیا۔ جب کرونل پانڈیا پاور پلے کے آخری اوور میں بولنگ کر رہے تھے تو میں نے وہ شاٹس مارنا شروع کیے جن کی ٹیم کو ضرورت تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں کبھی دباؤ محسوس نہیں کرتا۔ مجھے لگتا ہے کہ میں گیند کو مارنے کی صلاحیت رکھتا ہوں۔ اگر ہم دباؤ محسوس کرتے ہیں تو کریز پر رہنا تھوڑا مشکل ہو جاتا ہے۔ آر سی بی کے وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک نے بھی پاٹیدار کی تعریف کی، جن کی اننگز نے ایلیمینیٹر میں لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف ان کی ٹیم کی 14 رنز کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پاٹیدار نے 18ویں اوور میں 49 گیندوں میں اپنی پہلی آئی پی ایل سنچری مکمل کی۔ پاٹیدار اور کارتک نے آخری پانچ اووروں میں 84 رنز بنائے اور بنگلور کو 20 اووروں میں چار وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنانے میں مدد دی۔ کارتک بھی 25 گیندوں میں 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ فرنچائز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی آر سی بی کے گیم ڈے سیگمنٹ ویڈیو پر، کارتک نے کہا، یہ شاید کسی غیر کیپڈ کھلاڑی کی بہترین اننگز تھی جسے میں نے یہاں دیکھا ہے۔ وہ بہت پرسکون اور شرمیلی طبیعت کا مالک ہے، جو اس کی بلے بازی میں بھی نظر آتا ہے۔ رجت پاٹیدار نے کچھ زبردست شاٹس کھیلے اور میرا کام آسان کر دیا۔

Related Articles