مراٹھواڑہ کی خشک سالی ختم ہونے تک مہاراشٹرترقی نہیں کر سکتا: فڑنویس

لاتور، فروری ۔ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے کہا کہ مہاراشٹر کی ترقی تب تک نہیں ہو سکتی جب تک مراٹھواڑہ کی خشک سالی ختم نہیں ہو جاتی، اس لیے اس سال مغربی چینل کی ندیوں کے پانی کو مراٹھواڑہ کی طرف موڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔مسٹر فڑنویس لاتور ضلع کے نیلنگا میں کرماویر ڈاکٹر شیواجی راؤ پاٹل نیلنگاکر میموریل کے افتتاحی پروگرام میں بول رہے تھے۔ یادگار کی نقاب کشائی سابق مرکزی وزیر شیوراج پاٹل چاکورکر نے کی۔ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اور سابق مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شندے، سابق وزیر اور ایم ایل اے جینت پاٹل، سابق وزیر اور ایم ایل اے یشومتی ٹھاکر، محترمہ سشیلا بائی شیواجی راؤ پاٹل نیلنگاکر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ عوامی نمائندوں اور مختلف جماعتوں کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ مسٹر فڑنویس نے کہا کہ کرشنا طاس کے مغربی چینل کی ندیوں کے پانی کو گوداوری طاس کی طرف موڑ کر مراٹھواڑہ میں لایا جائے گا اور اس کے لیے تکنیکی کام اپنے آخری مرحلے میں ہے اور یہ کام 2023 میں ہی شروع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نیلنگاکر نے ہمیشہ عوامی بہبود کے بارے میں سوچا۔ وہ مراٹھواڑہ کی ترقی کے لیے وقف تھے۔ انہوں نے ریاست میں کئی آبپاشی پراجکٹس بشمول ضلع میں زیریں ترنا، منجرا پروجیکٹ کے لیے اپنا اہم حصہ ڈالا۔

Related Articles