امریکی اداکار کو فلم کیلئے 61 ارب روپے کا معاوضہ ٹھکرانے پر پچھتاوا
نیویارک،دسمبر۔امریکی اداکار میٹ ڈیمن نے 61 ارب پاکستانی روپے سے زیادہ معاوضے کے کردار والی پیشکش کو ٹھکرانے پر پچھتاوے کا اظہار کیا ہے۔میٹ ڈیمن نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ انہیں ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے 2009 کی فلم اواتار کا مرکزی کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ اس پیشکش کے ساتھ جیمز کیمرون نے کہا تھا کہ فلم کا 10 فیصد منافع انہیں دیا جائے گا۔میٹ ڈیمن نے اس پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا مگر انٹرویو کے دوران انہوں نے اواتار کے 10 فیصد منافع سے محرومی پر پچھتاوے کا اظہار کیا۔اواتار دنیا کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ہے جس نے باکس آفس پر 2 ارب 90 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کمائے۔اگر میٹ ڈیمن وہ پیشکش مسترد نہ کرتے تو انہیں 27 کروڑ ڈالرز کمانے کا موقع ملتا جو فلم کے بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔میٹ ڈیمن کے بیان پر گزشتہ دنوں جیمز کیمرون نے ایک انٹرویو کے دوران اپنا ردعمل ظاہر کیا۔انہوں نے کہا کہ میٹ ڈیمن کو 27 کروڑ ڈالرز ٹھکرانے پر ہونے والے پچھتاوے سے باہر نکلنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت میٹ ڈیمن ایک اور بورن فلم کررہے تھے اور اسی وجہ سے انہوں نے ہماری پیشکش کو قبول نہیں کیا۔