طیارے کی تباہی کے بعد ’خون آلود سیلفی‘ لینے والا پائلٹ ’ہیرو آف یوکرین‘ قرار
کیف ،دسمبر۔فائٹر جیٹ تباہ ہونے سے قبل جہاز سے نکل کر اپنے ’خون آلود‘ چہرے کی سیلفی بنانے والے پائلٹ کو صدر زیلنکسی نے ’ہیرو آف یوکرین‘ کا خطاب دیدیا۔نیوز ویک کے مطابق روس کیخلاف جنگ میں حصہ لینے والے یوکرینی پائلٹ ویڈائم وور وشائلوف نے اکتوبر میں یوکرین کے شہر وینتسیا کے اوپر ڈرون کو نشانہ بنایا تھا، اس وقت وہ مگ 29اڑا رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق ووروشائلوف کا نشانہ بننے والے ڈرون کا ملبہ انکے جہاز پر گرا، جس سے وہ توازن کھو بیٹھا اور گرنے والا تھا تاہم اسی وقت وہ جہاز سے نکل گئے، ڈرون کا کچھ ملبہ ان کی گردن اور چہرے سے ٹکرایا جس سے وہ زخمی ہوگئے تھے۔میڈیا کے مطابق یوکرینی پائلٹ نے اس موقع پر ایک سیلفی بنائی اور تھمب اپ کے اشارے کیساتھ شیئر کردی، انہوں نے کیپشن میں لکھا ’ہمیں کوئی بھی نہیں توڑ سکتا‘۔وورو شائلوف نے مزید لکھا کہ یوکرینی فوج ناصرف اپنے ملک بلکہ پوری مہذب دنیا کا دفاع کررہی ہے، یہی وہ ڈھال ہے جو مغربی دنیا کو محفوظ رکھ رہی ہے، مگر یہ دفاع یوکرین کے بیٹوں کو بہت مہنگا پڑ رہا ہے۔نیوز ویک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واقعے کے 4 روز بعد یوکرینی پائلٹ نے اپنے انسٹاگرام پر یہ بھی کہا کہ جہاں ڈرون کا ملبہ گرا تھا وہ اس علاقے کے لوگوں کے پاس گئے اور ان سے معذرت طلب کی۔پائلٹ کی سیلفی سامنے آنے کے بعد یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ میجر ویڈائم ووروشائلوف کو ہیرو آف یوکرین کا خطاب اور گولڈ اسٹار میڈل دیا جائے گا۔