پرتگال میں انسانی اسمگلنگ کے الزام میں 35افراد گرفتار
لزبن ،نومبر۔ پرتگال میں حکام نے انسانی اسمگلنگ، منی لانڈرنگ اور جعلی دستاویزات رکھنے کے الزام میں 35افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ یہ اعلان مقامی پولیس نے کیا،پرتگالی حکام نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ کا شکار ہونے والے درجنوں افراد کا تعلق الجزائر، بھارت، مالدووا ، مراکش، پاکستان، رومانیا اور سینیگال سے ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان ایک جرائم پیشہ گروپ کا حصہ ہیں جو تارکین وطن کو ان کے آبائی ممالک سے فارمز میں کام کے مواقعوں کا بتا کر انہیں بھلا پھسلا کر النتیجو کے خطے میں لے آتے ہیں۔ ملزمان میں پرتگال سمیت یورپ کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے مرد وخواتین دونوں شامل ہیں جن کی عمریں 22برس سے لیکر 58برس تک ہے۔ پولیس کے ایک ذریعے نے بتایا کہ یہ تارکین وطن انتہائی غیر انسانی صورتحال میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔