وزیراعظم مودی پہلی ورچوئل آئی 2 یو 2 سربراہ میٹنگ میں شرکت کریں گے

نئی دہلی، جولائی ۔وزیر اعظم نریندر مودی 14 جولائی کو ہونے والے ہندوستان-اسرائیل، امریکہ اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے اتحاد آئی 2 یو 2 کی پہلی ورچوئل میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ میٹنگ میں امریکی صدر جوزف آر بائیڈن، اسرائیلی وزیراعظم یائر لیپڈ اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان بھی شرکت کریں گے۔ یہ آئی 2 یو 2 اتحاد، بنیادی طور پر اقتصادی موضوعات پر تعاون پر مبنی، گزشتہ سال 18 اکتوبر کو چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں تشکیل پایا۔ شیرپا کی سطح پر چاروں ممالک کے درمیان تعاون کے ممکنہ شعبوں میں تبادلے بڑھانے کے لیے بات چیت ہوتی رہی ہے۔ یہ اتحاد بنیادی طور پر چھ شعبوں – پانی، توانائی، ٹرانسپورٹ، خلا، صحت اور غذائی تحفظ میں مشترکہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ان شعبوں میں نجی سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر میں جدید کاری، صنعتوں کے لیے کم سے کم کاربن کے اخراج کے اقدامات، صحت عامہ کی بہتری اور جدید ترین اور آلودگی سے پاک ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے کام کیا جائے گا۔ اس میٹنگ میں، رہنما آئی 2 یو 2 فریم ورک کے تحت ممکنہ مشترکہ منصوبوں کے ساتھ ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے سلسلے میں اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوگا۔

Related Articles