جونی ڈیپ کا ایمبر ہرڈ کے خلاف کیس لائیو نشر کیا جائے گا
لاس اینجلس ،اپریل۔لندن میں ایک ہائی پروفائل ہتک عزت کے مقدمے کے بعد اداکار جونی ڈیپ اور ان کی سابق اہلیہ ایمبر ہرڈ دوبارہ عدالت میں پیش ہو رہے ہیں۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بار مقدمے کا آغاز امریکہ میں ہو رہا ہے جو گھریلو تشدد سے متعلق ہے۔58 سالہ جونی ڈیپ کا 35 سالہ ایمبر ہرڈ کے خلاف کیس لائیو نشر کیا جائے گا۔اس کیس میں اداکار جیمز فرانکو اور پال بیٹنی کے ساتھ ساتھ دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک ایلون مسک بھی عدالت میں گواہی دے سکتے ہیں۔کیس کا محور ایمبر ہرڈ کا دسمبر 2018 میں واشنگٹن پوسٹ میں لکھا گیا کالم ہے، جس میں وہ خود کو ’خانگی بدسلوکی کی نمائندگی کرنے والی عوامی شخصیت‘ کے طور پر بیان کرتی ہیں جنہیں خود پر حملے کے دعوؤں کے بعد آن لائن پریشان کیا گیا تھا۔کالم کا عنوان تھا ’میں نے جنسی تشدد کے خلاف آواز اٹھائی اور اپنے ثقافت کے غضب کا سامنا کیا۔ اسے بدلنا ہوگا۔‘اداکارہ نے جونی ڈیپ کا نام نہیں لیا تھا لیکن انہوں نے ان پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا اور پانچ کروڑ ڈالر کا ہرجانہ طلب کیا۔جونی کی جانب سے درج شکایت میں کہا گیا ہے کہ ’کالم کا واضح مطلب یہ ہے کہ جونی ڈیپ خانگی بدسلوکی کے مرتکب ہیں اور جھوٹے ہیں۔ جونی ڈیپ نے کبھی بھی ایمبر ہرڈ کے ساتھ بدسلوکی نہیں کی۔‘اداکارہ ایمبر ہرڈ نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے 10 کروڑ ڈالر کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انہیں جونی ڈیپ کے ہاتھوں ’بہت زیادہ جسمانی تشدد اور بدسلوکی‘ کا سامنا کرنا پڑا۔خیال رہے کہ اس سے قبل جونی ڈیپ لندن کا مقدمہ ہار چکے ہیں، جو انہوں نے اخبار ’دی سن‘ کے خلاف انہیں ’بیوی کو پیٹنے والا‘ کہنے پر دائر کیا تھا۔