کانگریس ہی سبز، صنعتی انقلاب، طمانیت روزگار، ترقی کی نقیب بنی:ریونت ریڈی

حیدرآباد،دسمبر۔صدرتلنگانہ کانگریس ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی ہی ملک میں سبز انقلاب، صنعتی انقلاب، طمانیت غذا، روزگار کی ضمانت، ترقی کی نقیب بنی اور یہ سب کچھ کانگریس سے ممکن ہوا ہے لیکن آج کے حکمران، کانگریس کی شبیہ کو خراب کرنے اور اس کی شبیہ کو داغدار کرنے کے درپے ہیں۔انہوں نے پارٹی کی یوم تاسیس کے موقع پرحیدرآباد میں پارٹی ہیڈکوارٹرس گاندھی بھون میں رسم پرچم کشائی انجام دی۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعوی کیاکہ کانگریس کی حکومتوں کی وجہ سے آج ہندوستان کے لوگ سائنس اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں اچھی پوزیشن پر ہیں تاہم موجودہ حکمران نوجوانوں کے خلاف کام کر رہے ہیں۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہا کہ ملک کو اپنی سابقہ شان اورروایات دوبارہ حاصل کرنے کے لیے، کانگریس کو ملک اور ریاست میں اقتدار میں لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مرکز کی مودی حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اب لڑکیوں کی شادی کے لئے حد عمر میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے جو نامناسب ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی 137 سالہ تاریخ ہے۔کانگریس پارٹی نے آزادی کی جنگ لڑی تھی۔کانگریس ایک ایسی پارٹی ہے جس نے بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے ساتھ ملک کی سمت متعین کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس، وہ پارٹی جس نے دنیا کو بتایا ہے کہ نوجوانوں کی پرامن جدوجہد سے کچھ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔کانگریس نے ہی آزادی کے وقت ملک کے حالات کو سمجھا اور صحیح سمت میں ترقی کے ثمرات تقسیم کئے۔کانگریس کے دور میں ملک میں کئی پراجیکٹس بنائے گئے۔

Related Articles