ناری شکتی کے بغیر جل شکتی کی کامیابی ممکن نہیں: مرمو
نئی دہلی، مارچ۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ہفتہ کو کہا کہ ملک میں صفائی مہم اور پینے کے صاف پانی جیسی ملک گیر اسکیموں کی کامیابی میں ملک کی خواتین کی طاقت اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لئے خواتین کی طاقت کے بغیر جل شکتی کی کامیابی کی امید نہیں کی جاسکتی ہے۔محترمہ مرمو نے آج یہاں وگیان بھون میں وزارت جل شکتی کے زیراہتمام سوچھ سُجل شکتی سمان جل شکتی ابھیان-کیچ دی رن میں ملک میں پانی کی مہم کو کامیاب بنانے میں تعاون کرنے والی خواتین کو اعزاز سے نوازنے کے لئے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا، اس مہم کی بنیاد خواتین کی طاقت ہے اور خواتین کی فعال شمولیت کے بغیر اس پروگرام کی کامیابی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ جب پانی کا بحران ہوتا ہے تو اس میں خواتین کو سب سے زیادہ پریشانی ہوتی ہے۔ خاص طور پر پہاڑی اور قبائلی علاقوں میں خواتین کو اس پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اوروہ خاندان کے لیے پینے کے پانی کا انتظام کرتی ہیں، جس میں ان کا بہت سا وقت ضائع ہوجاتا ہے۔ پانی کی آلودگی کو ایک بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے کئی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ آلودہ پانی سے پیدا ہونے والے مسائل بہت سے بحران کا باعث بنتے ہیں، اس لیے پانی کے انفیکشن سے بچنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ گھر گھر صاف پانی فراہم کیا جائے۔صدر نے کہا کہ پانی زندگی کی بنیاد ہے اور اس کے بغیر زندگی ممکن نہیں۔ ہماری مذہبی کتابوں میں بھی اس کا ذکر ہے۔ یجروید میں پانی کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس زمین پر زندگی بخشنے والا رس پانی ہی تو ہے۔