مغربی بنگال میں نویں جماعت سے اسکول کھولنے کی تجویز پر بنگال حکومت زیر غور

کلکتہ،جنوری۔مغربی بنگال میں اسکول اور کالج کے کھولنے کو لے کر کلکتہ ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی دائر ہونے اور سوشل میڈیا پر مہم چلنے کے بعد ریاستی محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ حکومت ایک بار پھر اسکول اور کالج کھولنے پر غور کررہی ہے۔چیف سیکریٹری کو خط لکھ کر ماہرین کمیٹی سے رائے طلب کی گئی ہے۔کل ہی چیف سیکریٹری کو خط لکھا گیا ہے۔محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر نویں سے بارہویں جماعت تک اسکول کھولنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ماہرین کی کمیٹی محکمہ تعلیم کی تجویز پر غور کرے گی۔ ساتھ ہی طلباء کے صحت کے مسائل پر محکمہ صحت کی رائے لی جائے گی۔ حکومت نے اسکول کھولنے کے معاملے پر متعلقہ محکموں سے بات چیت شروع کردی ہے۔مہاراشٹر اور ممبئی کے تمام تعلیمی ادارے اگلے پیر سے دوبارہ کھل جائیں گے۔ اس کے بعد ہی مغربی بنگال میں تعلیمی ادارے کھولنے کے مطالبات ہونے لگے تھے ۔والدین بھی اسکول کھولنے کے مطالبے کرنے لگے ہیں۔اسکول کھولنے کو لے کر کلکتہ ہائی کورٹ میں بھی عرضی دائر کی گئی ہے۔کل اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری نے کہا تھا کہ ریاست میں جلسے ، جلوس اور دیگر پروگراموں کی اجازت ہے مگر اسکول بند ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیہی علاقے میں آباد غریب افراد پریشان ہیں۔ایک پوری نسل جاہل ہورہی ہے۔کورونا کی صورتحال کے باعث اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے بند ہیں۔ گزشتہ سال نومبر میں پوجا کے بعد ریاستی حکومت نے نویں جماعت سے بارہویں جماعت تک اور کالج و یونیورسٹی کھول دیا تھا مگر اس سال جنوری سے دوبارہ اسکول بند کردئیے ہیں۔تعلیمی ادارے کیوں بند کیے جا رہے ہیں؟ اس پر مختلف حلقوں سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ والدین بھی اسکول کھولنے کے حق میں ہے۔ اپوزیشن گروپوں نے اسکولوں اور کالجوں کو بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں اور کالجوں کے بند ہونے کی وجہ سے گزشتہ دو سالوں میں بہت نقصان ہوا ہے۔ جو کہ ناقابل تلافی ہے۔ لیکن اس بار وہ سمجھتے ہیں کہ تعلیمی ادارے کھولنے کی ضرورت ہے۔حال ہی میں #openschoolcollegeuniversities نیٹ پر ٹرینڈ کر رہا تھا۔ اس ہیش ٹیگ پوسٹ کے ساتھ ہی کورونا کے لیے بند اسکولوں اور کالجوں کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ شروع ہوگیا ہے۔ دستخط جمع کرنے کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ ریاستی وزیر تعلیم برتیا باسو نےاحتجاج اور عوامی مطالبے کے بعد کہا کہ ہم اسکول کھولنا چاہتے ہیں۔ ریاست میں کوویڈ کی صورتحال کا روزانہ جائزہ لیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ سے مشاورت اور ان کی ہدایات کے مطابق مناسب وقت پر فیصلہ کیا جائے گا۔

Related Articles