حکومت غریبوں کو سستا علاج فراہم کرنے کیلئے پرعزم:مود
نئی دہلی ، ستمبر۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے غریبوں ، متوسط طبقے اور خواتین کو سستا اور بہتر علاج فراہم کرانے کے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ ملک میں ایک شمولیاتی اور جامع صحت کی سہولیات کا مضبوط انفراسٹرکچر تیار کیا جا رہا ہے ۔مسٹر مودی نے آیوشمان بھارت- پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کی تیسری سالگرہ کے موقع پر آن لائن پروگرام میں آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں صحت کی سہولیات، ہسپتال ، ڈاکٹر ، فارمیسی ، ادویات کی دکانیں اور مریض ایک پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گے۔ پلیٹ فارم سے ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی شہریوں کو سینئر ڈاکٹروں اور ماہرین کے مشورے حاصل ہوسکیں گے۔ وزیر اعظم نے جن اوشدھی ، آیوشمان بھارت ، ڈیجیٹل لین دین ، ای۔ سنجیوانی ، ٹیلی میڈیسن کا ذکر کرتے ہوئےکہا کہ ملک میں گزشتہ چھ سے سات سالوں کے دوران صحت کی سہولیات کو مضبوط بنانے کے لیے کام جاری ہے۔ حکومت جلد ہی ایک نئی ہیلتھ پالیسی لے کر آئے گی۔ یہ پالیسی مکمل طور پر شمولیاتی اور جامع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران کروڑوں لوگوں نے حکومت کی اسکیموں سے فائدہ اٹھایا ہے۔ اروگیا اور کیون ایپ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی صحت کی سہولیات کا ایسا بنیادی ڈھانچہ نہیں ہے۔ ان دونوں ایپس کی بدولت لوگوں کو کورونا وبا کے بارے میں آگاہ کرنے اور وبا پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ کووین ایپ کا کورونا ویکسینیشن میں اہم کردار ہے ، جسے پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے۔اس پروگرام میں مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈویہ ، خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی ، وزیر ریلوے اشونی وشنو اور کئی ریاستوں کے وزراء صحت اور مرکز اور ریاستوں کے سینئر عہدیدار بھی موجود تھے۔وزیر اعظم نے اس موقع پر آیوشمان بھارت کی کامیابیوں اور حصولیابیوں پر ایک ویڈیو فلم اور کافی ٹیبل بک بھی جاری کی۔