بہار حکومت تمام خطوں اور طبقات کی ترقی کے لیے کوشاں : چوہان

پٹنہ، فروری۔بہار کے گورنر پھاگو چوہان نے آج کہا کہ ریاستی حکومت انصاف کے ساتھ ترقی کے بنیادی منتر کو مد نظر رکھتے ہوئے ریاست کے تمام علاقوں اور طبقات کی ترقی کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ مسٹر چوہان نے بہار قانون سازیہ کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں کووڈ-19 کی وبا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے ،لیکن اسی دوران بہار حکومت کے اخراجات میں کورونا کے مدت کے پہلے سے لگ بھگ 13 فیصد سے زائد کا اضافہ درج ہوا ہے ، جو کہ عوامی فلاح و بہبود کی ذمہ داریوں کے تئیں حکومت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دور میں بھی مالیاتی نظم و ضبط کو مدنظر رکھتے ہوئے، ریاستی حکومت نے مالیاتی خسارے اور قرض کی ذمہ داریوں کی حدوں پر بھی بہت اچھی طرح عمل کیا۔ سنگین صورتحال کے باوجود ریاستی حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو تنخواہوں کی مکمل ادائیگی وقت پر کی ہے۔ گورنر نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے اور انسانی وسائل کی ترقی کی کرنیں بہار کے کونے کونے تک پہنچ رہی ہیں۔ بہار میں سڑکوں اور پل پلیوں کا جال بچھا کر اب ریاست کے دور دراز علاقے سے پانچ گھنٹے میں دارالحکومت پٹنہ پہنچنے کے ہدف پر ایکشن پلان بنا کر تعمیراتی کام جاری ہے۔ انفراسٹرکچر کے بعد راج اور دیہی ورکس محکمہ کی سڑکوں ، پل پلیوں ، سرکاری عمارتوں کے رکھ رکھاؤکی پالیسی بنائی جارہی ہے ۔گورنر نے بجلی، سڑک، تعلیم، صحت، خواتین کو بااختیار بنانے، اقلیتی بہبود اور حکومت کے سات عزائم کی کامیابیوں کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت سماجی اصلاح کے پروگرام مسلسل چلا رہی ہے، سب سے پہلے شراب بندی کو نافذ کرکے سماجی تبدیلی کی بنیاد رکھی گئی۔ سماجی اصلاح کی طرف قدم اٹھاتے ہوئے بچوں کی شادی اور جہیز کے نظام کے خلاف ریاست بھر میں مہم چلائی جا رہی ہے جس کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ قبل ازیں ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے بعد اسپیکر وجے کمار سنہا نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ اس اجلاس کے دوران ایوان کی کل 22 نشستیں ہوں گی۔ اس سیشن میں مالی سال-23 2022 کے لیے آمدو خرچ کے انتظامات کے علاوہ دیگر مالیاتی کاموں، ریاستی قانون سازی اور غیر سرکاری قراردادوں پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس سیشن میں عوامی اہمیت کے کئی سوالات اٹھائے جائیں گے اور تمام ممبران ریاست کی ترقی اور عوامی مسائل کے ازالے میں جوش و خروش سے اپنا حصہ ڈالیں گے۔ گورنر کے خطاب کے بعد، جب اسمبلی کی کارروائی شروع ہوئی، اسپیکرمسٹر سنہا نے اسمبلی کے طریقہ کار اورقواعدو ضوابط کے تحت بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اراکین کے ناموں کا اعلان کیا۔ اس کے بعد نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ تارکیشور پرساد نے مالی سال 2021-22 کے بہار اقتصادی سروے کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ اس کے بعد راجیہ سبھا کے موجودہ رکن ڈاکٹر مہیندر پرساد، سابق ایم پی ڈاکٹر گوری شنکر راج ہنس، سابق ایم ایل اے ہری نارائن سنگھ، پروفیسر۔ نلنی رنجن سنگھ، پرویز احسن، سلطان احمد، پدما چوبے، شکنتلا دیوی، اومیش سنگھ، قانون ساز کونسل کے سابق رکن وجے شنکر مشرا، شیو پرسنا یادو، ہندوستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل بپن راوت، سروں کی ملکہ لتا منگیشکر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا، تمام اراکین نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور آنجہانی کے روح کی تسکین کے لیے دعا کی۔ اس کے بعد ایوان کی کارروائی سموار کی صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دی گئی۔

 

Related Articles