بھگونت مان نے مرکزسے دو سال کے لیے ایک لاکھ کروڑ کا پیکیج مانگا
نئی دہلی / چندی گڑھ ، مارچ۔ پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کر کے ریاست کی مالی حالت پر تبادلہ خیال کیا اور دو سال کے لیے سالانہ 50 -50 ہزارکروڑ روپے کے خصوصی پیکیج کا مطالبہ کیا۔ مالی حالت بہتر بنانے کے لیے نئی حکومت کو دو سال کے لیے ایک لاکھ ہزار کروڑ کی ضرورت ہے، کیونکہ پنجاب پر گزشتہ حکومتوں کے تین لاکھ کروڑ سے زائد کا قرض ہے، جومافیا ریاست کے خزانے کو لوٹتا رہا ہے تاکہ اس سے بھرا جا سکے۔ اس کے لیے دو سال تک ہر سال 50 ہزار کروڑ روپے کا پیکج مل جائے تو دن رات محنت کر کے ہم اپنے مالی حالات کو سنبھالیں گے تاکہ ریاست اپنے پاؤں پر کھڑی ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی نے یقین دلایا ہے اس مسئلہ پر مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن سے بات کریں گے۔ اس کے علاوہ ان سے سرحدی ریاست ہونے کی وجہ سے قومی سلامتی کے معاملے پر بھی تعاون طلب کیا کیونکہ ملک دشمن طاقتوں نے پنجاب کے امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش کی لیکن ریاست کے عوام نے اسے خراب نہیں ہونے دیا۔ مسٹر مان نے کہا کہ مسٹر مودی نے انہیں یقین دلایا کہ وہ سکیورٹی کے حوالے سے جو تجاویز لائیں گے ان کی حمایت کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ملک کو ساتھ لے کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں ۔ اس پرمسٹر مان نے ان سے کہا’’میں پنجاب کی ترقی چاہتا ہوں ۔ پنجاب ترقی کرے گا تو ملک بھی ترقی کرے گا کیونکہ پنجاب انگوٹھی میں نگینہ کی طرح ہے، بدقسمتی سے پتھر کا رنگ پھیکا پڑ گیا ہے۔ پنجاب نے ملک کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا ‘‘۔