ایرانی ہیکروں کی کارستانی، اسرائیلی اخبار کے ٹویٹر پر قاسم سلیمانی کی تصویر نمودار

تل ابیب،جنوری۔ایران کی القدس فورس کے مقتول کمانڈر قاسم سلیمانی کی دوسری برسی کے موقع پر ایرانی ہیکروں کے گروپ نے ایک اسرائیلی اخبار کے ٹویٹر اکاؤنٹ کو ہیک کر لیا۔آج پیر کے روز اسرائیلی اخبار "معاریف” کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر قاسم سلیمانی اور عراقی ملیشیا الحشد الشعبی کے نائب سربراہ ابو مہدی المہندس کی برابر برابر تصاویر ظاہر ہو گئیں۔قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس جنوری 2020ء میں بغداد کے ہوائی اڈے کے نزدیک ایک امریکی حملے میں مارے گئے تھے۔ اخبار کے اکاؤنٹ پر قاسم سلیمانی کی ایک اور تصویر نمودار ہوئی جس کے ساتھ یہ عبارت لکھی ہوئی تھی "ہم تمہارے قریب ہیں ، ایسی جگہ پر جس کا تمہیں خیال بھی نہ گزرا ہو گا "!.اسی طرح ایک خاکہ بھی ظاہر ہوا جو ایک انگلی کے گرد سرخ انگوٹھی سے فائر کی گئی۔ یہ واضح طور پر اس انگوٹھی کی جانب اشارہ ہے جو سلیمانی اپنی انگلی میں پہنا کرتا تھا۔ہیکروں نے اسرائیلی اخبار "یروشلم پوسٹ” کی ویب سائٹ کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکے۔بعد ازاں اخبار نے بتایا کہ اس کی ویب سائٹ کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی جو ملک (اسرائیل) کے لیے واضح خطرہ ہے۔انگریزی زبان میں شائع ہونے والے اخبار نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ وہ اس مشکل کو حل کرنے پر کام کر رہا ہے۔یاد رہے کہ تہران نے دو برس قبل اپنے ایک نمایاں ترین کمانڈر (قاسم سلیمانی) کی ہلاکت پر سخت انتقامی جوابی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔ تاہم اس نے عراق میں امریکی فوجی اڈے پر بعض میزائل داغنے پر ہی اکتفا کیا۔

Related Articles