بالی وڈ ڈائری: ’دل ہی دل میں، میں بہت پہلے ہی رنبیر کی دلہن بن چکی ہوں‘ عالیہ بھٹ

ممبئی، فروری۔ ’میری شادی بہت پہلے رنبیر کپور سے ہو چکی ہے، دل ہی دل میں، میں بہت پہلے ہی رنبیر کی دلہن بن چکی ہوں۔‘ یہ کہنا ہے اداکارہ عالیہ بھٹ کا۔ نیوز چینل این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے عالیہ رنبیر کپور کے اُس بیان کا جواب دے رہی تھیں جس میں رنبیر نے کہا تھا کہ اگر لاک ڈاون نہ ہوتا تو ان کی اور عالیہ کی شادی ہو چکی ہوتی۔ عالیہ نے کہا کہ رنبیر کا کہنا درست ہے لیکن جو بھی ہوتا ہے آپ کے اچھے کے لیے ہوتا ہے اور اب جو ہو گا وہ بھی بہت خوبصورت ہو گا۔ لیکن وہ تو بہت پہلے ہی رنبیر سے دل ہی دل میں شادی کر چکی ہیں۔ عالیہ اپنی فلم گنگو بائی کاٹھیاواری کے پروموشن کے سلسلے میں نیوز چینل کے ساتھ بات کر رہی تھیں۔ عالیہ اور رنبیر نے فلم برہماستر کے دوران ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کیا تھا۔ حال ہی میں فلم صحافی راجیو مساند کے ساتھ انٹرویو میں جب رنبیر سے شادی کے بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اب وہ شادی ملتوی نہیں کرنا چاہتے اور اس سال ضرور وہ اور عالیہ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ فلم ’برہماسترہ‘ کی ریلیز تو کئی بار ملتوی ہو چکی ہے لیکن امید ہے کہ اس فلم کے ہیرو اور ہیروئن کی کہانی آگے بڑھ کر شادی تک ضرور پہنچ جائے گی۔ ادھر رنبیر کی سابقہ دوست دپیکا پاڈوکون کا کہنا ہے کہ وہ زندگی میں بولڈ فیصلے کر سکتی ہیں کیونکہ رنویر سنگھ میرے ساتھ ہیں۔ دپیکا نے رنویر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مقابلے رنویر سنگھ زیادہ ’ارٹیکولیٹ‘ ہیں یعنی اپنی بات بہتر طور پر سمجھا سکتے ہیں۔ دراصل دپیکا اپنی نئی فلم ’گہرائیوں‘ کی بات کر رہی تھیں جس میں وہ انتہائی بولڈ کردار میں ہیں۔ گہرائیاں ایک ایسی عورت کی کہانی ہے جس کی شادی شدہ اور پروفیشنل زندگی بے رنگ ہو چکی ہے اور وہ زندگی میں ایک دوراہے پر کھڑی ہے۔ یہ ایک ایسی الجھی ہوئی کہانی ہے جو محبت، جھوٹ، بے وفائی، الجھے رشتوں اور ماضی کی تاریک حقیقتوں کے گرد گھومتی ہے۔ گہرائیاں ایک ایسی فلم ہے جس میں آپ کو قربتیں بھی اپنی انتہا پر دکھائی دیں گی۔ گو کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب آپ کو بڑے پردے پر ایسی قربتیں دیکھنے کو ملیں گی۔ لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ اب اس قسم کی کہانیوں میں بہت گہرائی آ گئی ہے اور کرداروں کو بھی اپنے جوہر دکھانے کا بہتر موقع مل رہا ہے۔ بات محض جنسی کشش کی نہیں رہی، اس سے آگے جا چکی ہے اب دیکھنا ہے کہ فلم گہرائی باکس آفس پر کتنا گہرا اثر چھوڑے گی۔

 

Related Articles